عمران کا بڑا یوٹرن، اسمبلی میں واپسی سائفر تحقیقات سے مشروط

September 25, 2022

اسلام آباد، رحیم یارخان(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ سیل) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایک بڑا یوٹرن لیتےہوئے قومی اسمبلی میں واپسی کو امریکی سائفر کی تحقیقات سےمشروط کردیا، اسٹیبلشمنٹ سےتعلقات اچھے تھے،پتانہیں کب اور کیسے خراب ہوئے،پاکستان میں اسٹیبلشمنٹ ایک حقیقت، اسکےپاس تمام اختیارات ہیں، اپوزیشن سے زیادہ حکومت کو اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات کی ضرورت ہوتی ہے، اب ہم اپوزیشن میں ہیں تو اپوزیشن میں رہتے ہوئے تعلقات کیسے بہتر ہوسکتے ہیں؟


ان خیالات کا اظہار انہوں نے رحیم یار خان میں جلسے سے خطاب اور اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سابق وزیراعظم نے کہاکہ تحریک انصاف پہلی بارحکومت میں آئی تھی اسلئےغلطیاں ہوئیں، اب اقتدارملا توماضی کی غلطیاں نہیں دہرائیں گے،معیشت مستحکم بنانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کررہےہیں،حکومت معیشت اس مقام پرلےآئی کہ اسے سرجری کی ضرورت ہے،مفتاح ڈسپرین سے علاج کررہے ہیں، نیب کیسز ختم ہونے پر اسحاق ڈارواپس آنےکو تیار، نواز شریف تیاری کررہے ہیں، خطے میں سب کے ساتھ ملکی مفاد کے تحت تعلقات چاہتے ہیں، بھارت کی برتری اور اسرائیل کو تسلیم کرنے کی فارن پالیسی نہیں ہوسکتی۔

عمران خان نےکہاکہ شہباز شریف کی تقریر ملک کے دیوالیہ ہونے کا اعلان ہے، شہباز شریف اور مفتاح اسماعیل نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا،حکومت کی ترجیحات معیشت نہیں بلکہ اپنے کرپشن کیسز ختم کرانا ہے، نیب کا کیس ختم ہوتے ہی اسحاق ڈار وطن واپس آنے کو تیار ہیں، اسحاق ڈار کے بعد نواز شریف بھی وطن واپس آنے کی تیاری کر رہا ہے۔

دریں اثنارحیم یار خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئےعمران خان نے کہا کہ آج فیصلہ کیا تھا کہ لائحہ عمل طے کروں گا اور اپنی قوم کو بتاؤں گا کہ اب میں نے کیا کرنا ہے، میرا پیغام ہے سب تیار رہیں، زیادہ نوٹس نہیں دوں گا، کال تب دوں گا جب میرے مخالفین سمجھیں گے کہ میں پیچھے ہٹ گیا اور کال اس وقت دوں گا جب مجھے پتا ہوگا کہ میری ایک گیند سے تینوں کی وکٹیں گریں گی۔ 4 لوگوں نے بند کمرے میں مجھے مروانے کا فیصلہ کیا، اور وہ لوگ اب بھی اس سازش میں لگے ہوئے ہیں، انہوں نے مریم نواز، مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف سے پریس کانفرنس کروائی کہ خدانخواستہ عمران خان نے مذہب کی توہین کی ہے، اس کی وجہ سے اگر میرے اوپر واردات ہو تو کہیں گے کہ دینی انتہا پسند نے اس کو مار دیا، یہ ان کا منصوبہ ہے۔عمران خان نے کہا ہے کہ سابق وزیر اسحاق ڈار کو ڈیل کے تحت پاکستان واپس لایا جا رہا ہے،سیلاب متاثرین مشکل میں ہیں، شہباز شریف، بلاول امریکا کے مہنگے ترین ہوٹلوں میں ٹھہرے ہوئے ہیں،شہباز شریف کی روسی صدرکے سامنے کانپیں ٹانگ رہی تھیں، دنیا کو زرداری، شریف خاندان کی چوریوں کا پتا ہے اس لیے مدد نہیں کررہے،حقیقی آزادی کے لیے اگر قوم کھڑی نہ ہوئی تو اسی طرح کے چور مسلط رہیں گے، شہبازشریف، حمزہ کو ایف آئی اے کیس میں سزا ہونے والی تھی، 60فیصد کابینہ ضمانت پرہے، چار لوگوں نے بند کمرے میں مجھے مروانے کا فیصلہ کیا، یہ لوگ ابھی سازش میں لگے ہوئے ہیں، مریم نواز نے مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف سے پریس کانفرنس کروائی اور پھر کہیں گے مذہبی جنونی نے قتل کیا، مجھے اپنی جان سے زیادہ ملک کی حقیقی آزادی کی فکر ہے،جس قوم کی مائیں، بہنیں، نوجوان جاگ جائیں اس قوم کو کوئی غلام نہیں بناسکتا۔

ہفتہ کو پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ شہبازشریف روسی صدر کے سامنے اسکول کے بچے کی طرح بیٹھا تھا، شہباز شریف کی روسی صدرکے سامنے کانپیں ٹانگ رہی تھیں، بیرونی سازش کے ذریعے امپورٹڈ وزیراعظم کو بٹھایا جائے تو پھرملک کی شرمندگی ہوتی ہے۔