عوام جلد شجاعت، پرویز الٰہی کے ایک ہونیکی خوشخبری سنیں گے، فیاض چوہان

September 27, 2022

لاہور(نمائندہ جنگ)ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کو کوئی خطرہ نہیں اور جلد ہی عوام خوشخبری سنیں گے کہ چوہدری شجاعت اور پرویز الٰہی کی فیملیز ایک ہو گئی ہیں۔کرائم منسٹر کے ہوتے ہوئے وزیر اعظم ہاؤس سےجو آڈیوز لیک ہوئی ہیں ان کا ذمہ دار رانا ثناء اللہ ہے، کرائم منسٹر اور13 گیدڑوں کی پارٹی کو مستعفی ہونا چاہئے۔ یہ باتیں انہوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کیں۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مریم صفدر اعوان جن کا نیا نام ʼمیڈم پلانٹ ہے، اب وہ بھی آڈیو لیک کا شکار ہو گئی ہیں جو کہ دراصل مکافات عمل کا نتیجہ ہے۔ مریم صفدر دعوے کرتی تھیں کہ ان کے پاس با اختیار افراد اور ججوں کی آڈیوز اور ویڈیوز ہیں آج انکی ہنڈیہ عین چوراہے میں پھوٹی ہے، انکے کسی بھی نمائندے اور حواری نے آڈیو کو جعلی نہیں کہا ۔ ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سلطان مفرور نواز شریف کی ملک واپسی کا دور دور تک کوئی چانس نہیں۔ آج اسی بھگوڑے ڈار کی امپورٹڈ حکومت کے وزیر اعظم کے طیارے میں واپسی کی باتیں ہو رہی ہیں اور یہ پہلے بھی ایک وزیراعظم کے طیارے میں فرار ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی کی حکومت کی مدت کا تعین عمران خان کریں گے۔فیاض چوہان نے ہیلی کاپٹر کریش کے واقعہ میں شہید ہونیوالے افواج پاکستان کے افسران اور جوانوں کیلئے تعزیت کا اظہار کیا اور خراج عقیدت بھی پیش کیا۔