سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض سے مزید 4 افراد انتقال کرگئے، محکمہ صحت

September 28, 2022

محکمہ صحت سندھ نے سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض سے مزید 4 افراد کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق ضلع دادو کے علاقے میہڑ کے گاؤں میر خان پاہی میں ملیریا اور گیسٹرو کا مریض انتقال کرگیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق میہڑ کے ایک اور قریبی گاؤں چبڑ میں ڈائریا اور گیسٹرو کا مریض 8 سالہ بچہ آیان بھی چل بسا۔

ادھر کاچھو کے شہر ہیرو خان میں ملیریا سے نوجوان امان اللّٰہ اور خاتون نوری انتقال کرگئی۔

محکمہ صحت کے مطابق داود ضلع میں ملیریا، ڈائریا اور گیسٹرو کے باعث ہونے والی اموات کی تعداد 40 تک پہنچ چکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک ماہ کے دوران مختلف امراض میں مبتلا مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 96 ہزار 724 ہوچکی ہے۔

محکمہ صحت کی رپورٹکے مطابق ملیریا کے مثبت اور مشتبہ کیسز کی تعداد 13 ہزار 308، جلدی امراض کے مریضوں کی تعداد 37 ہزار 343 اور انفیکشن، ڈائریا اور پیچش کے کیسز کی تعداد 1 ہزار 492 تک پہنچ گئی ہے۔