آڈیو لیکس پر بنی گالہ میں کچھ لوگوں سے تحقیقات کرنا پڑیں گی، طلال چوہدری

September 30, 2022

مسلم لیگ (ن) سینئر رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ آڈیو لیکس پر بنی گالہ میں بھی کچھ لوگوں سے تحقیقات کرنا پڑیں گی۔

ایک بیان میں طلال چوہدری نے کہا کہ آڈیو لیکس کی تحقیقات حکومت کی قومی ذمہ داری ہے، یہ بنی گالہ لیکس ہیں، یہ زیادہ تر اجلاس اور گفتگو وہیں ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان بنی گالہ کو پی ایم ہاؤس کے طور پر استعمال کرتے رہے، بنی گالہ میں بھی ان کے لوگوں سے تحقیقات کرنا پڑیں گی۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ پارٹ ٹو میں جو کچھ لوگ بات چیت کر رہے ہیں، یہ اجلاس بنی گالہ میں ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ اجلاس 27 مارچ کے بعد ہو گا، جب انہیں یاد آیا کہ ان کے پاس کوئی حل نہیں تو اس دن جو اجلاس ہوئے بنی گالہ میں ہوئے۔

طلال چوہدری نے یہ بھی کہا کہ یہ معلومات بہت مشکل نہیں، جب یہ چیزیں سامنے آئی ہے، حکومت اور باقی لوگ اس پر غور کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 28 اور 29 مارچ کے سارے اجلاس عمران خان نے بنی گالہ میں کیے ہیں، پلان کے تحت میٹنگ منٹس بنائے گئے اور یہ تمام چیزیں بنی گالہ میں ہوئیں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ بنی گالہ میں ہونے والی گفتگو پر حکومت کا کیا کنٹرول ہوسکتا ہے، اس وقت تو ہماری حکومت نہیں تھی، بنی گالہ کے لینڈ لائن سے ہی شہباز گل نے بغاوت کا اعلان کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہیروں، غدار بنانے اور لوگوں کو ورغلانے کی گفتگو اور سائفر ڈرامے میں اداکاری بھرنے کی گفتگو بنی گالہ لیکس ہیں۔