بھارت میں حکومت پاکستان کا آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ بلاک

October 01, 2022

ٹوئٹر انتظامیہ کی جانب سے بھارت میں حکومت پاکستان کا آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ بلاک کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں حکومت پاکستان کے آفیشل اکاؤنٹ پرلکھا گیا ہے کہ اکاؤنٹ کو کچھ قانونی تقاضوں کے باعث بند کیا گیا ہے۔

بھارت میں ٹوئٹر اکاؤنٹ بلاک ہونے پر پاکستانی وزارت خارجہ کا ردعمل ابھی سامنے نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب حکومت پاکستان کا آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ بھارت میں بلاک کیا گیا ہو۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سےقبل جولائی میں بھی حکومت پاکستان کا ٹوئٹر اکاونٹ بند کیا گیا تھا جسے بعدازاں دوبارہ کھول دیا گیا تھا۔

جون میں بھیبھارت نے پاکستانی سفارت خانوں کے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹس کو اقوام متحدہ، ترکی، ایران اور مصر میں پابندی عائد کی گئی تھی۔

اگست میں بھی بھارت نے 8 یوٹیوب نیوز چینلز کو بلاک کر دیا تھا، جن میں سے ایک پاکستان سے کام کرتا تھا جبکہ ایک فیس بک اکاؤنٹ کو کشمیریوں کی آواز اور کشمیر میں جاری بھارتی مظالم دنیا کے سامنے لانے کے جرم میں بند کردیئے گئے تھے۔

اب تک مجموعی طور پر بھارتی مرکزی حکومت نے 100 یوٹیوب چینلز، 4 فیس بک پیجز، 5 ٹویٹر اکاؤنٹس اور 3 انسٹاگرام اکاؤنٹس کو بلاک کر دیا ہے۔