پاکستان جونیئر لیگ کو اب ورلڈ جونیئر لیگ کا نام دینا ہے، رمیز راجہ

October 01, 2022

فائل فوٹو

پاکستا ن کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان جونئیر لیگ ہمارا ایک خاص اور اولین پروگرام ہے،پاکستان جونیئر لیگ کو اب ورلڈ جونیئر لیگ کا نام دینا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاتھ وے پروگرام کے معاہدے کی تقریب میں چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ اور اسپانسر ادارے کے نمائندے نے دستخط کیے۔

اس موقع پر چیئرمین رمیز راجہ نے کہا کہ ہم نوجوانوں کے لیے ایک پروفیشنل پلیٹ فارم مہیا کرنا چاہتے ہیں، پاتھ وے پروگرام کے سو بچوں کو ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔

پی سی بی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ پاتھ وے پروگرام میرے دل کے قریب ہے، اس پروگرام کو ہم نے کامیاب بنانا ہے جس کے لیے سب کی مدد درکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ نوجوانوں کے لیے اس سے اچھا موقع نہیں ہو سکتا، اس موقع سے فائدہ اٹھاؤ، فٹنس اور فیلڈنگ پر بھرپور توجہ دو اور خوراک کا خیال رکھو۔

رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ ہمیں تو ایج گروپ میں ایسا موقع کبھی نہیں ملا تھا، ڈاگ آؤٹ میں عظیم کھلاڑی ہوں گے ان سے سیکھیں، آپ کے لیے ہیرو بننے کا موقع ہے، خود کو پازیٹو رکھیں۔