• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سڈنی تھنڈر کی شاداب خان کو قومی ٹیم میں شمولیت پر مبارکباد

سڈنی تھنڈر نے پاکستان ٹیم میں منتخب ہونے پر آل راونڈر شاداب خان کو مبارکباد دی ہے۔

شاداب خان کو سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

اس وقت شاداب خان بگ بیش لیگ میں سڈنی تھنڈر کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

ترجمان سڈنی تھنڈر کے مطابق شاداب 4 جنوری کو ہوبارٹ ہیوریکینز کے خلاف میچ کھیلنے کے بعد سری لنکا روانہ ہوں گے۔ 

ترجمان کا کہنا ہے کہ شاداب 16 جنوری کو سڈنی کرکٹ گراونڈ میں سڈنی سمیش کے لیے دستیاب ہوں گے، جبکہ سڈنی تھنڈر کے فائنل میں پہنچنے کی صورت میں بھی شاداب خان دستیاب ہوں گے۔

شاداب خان نے اب تک 33.33 کی اوسط سے 100 رنز بنائے اور 6 وکٹیں لے کر تھنڈر کے ٹاپ بولر ہیں۔

شاداب خان کا قومی ٹیم میں اپنی سلیکشن پر کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کی نمائندگی کرنا اور آنے والی سیریز کے لیے منتخب ہونا اعزاز ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ تھنڈر کی جانب سے کھیلنے کا تجربہ شاندار ہے، دوبارہ واپسی کا انتظار نہیں کر سکتا، سیزن کے آخر میں دوبارہ واپس آکر امید ہے ٹیم کو فائنل کی دوڑ میں شامل کرنے کے لیے مدد کروں گا۔

جی ایم تھنڈر ٹرینٹ کوپ لینڈ نے کہا کہ ملک کی نمائندگی ہمیشہ فخر کی بات رہی ہے، پاکستان کے لیے شاداب خان کو دوبارہ موقع ملا جس کے لیے پرجوش ہیں۔ 

جی ایم تھنڈر نے مزید کہا کہ نیک خواہشات شاداب خان کے ساتھ ہیں، سیزن کے اہم حصے کے لیے واپس آنے پر خوش آمدید کہیں گے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ شاداب خان کے متبادل اوورسیز پلیئر کے لیے بات چیت حتمی مرحلے میں ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید