عمران کے خلاف سیکرٹ ایکٹ پر کارروائی، ایوان وزیراعظم کی آڈیو لیکس اہم سیکورٹی بریچ، PTI چیئرمین جاتے وقت ڈائری میں سائفر چھپاکر لے گئے، ن لیگ

October 02, 2022

لاہور (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں،جنگ نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ حکومت نے سائفر آڈیو لیکس کے معاملے پر عمران خان اور دیگر افراد کیخلاف آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، ایوان وزیراعظم کی آڈیو لیکس اہم سیکورٹی بریچ ہے، عمران خان ایوان وزیراعظم سے جاتے وقت ڈائری میں سائفر چھپا کر لے گئے، مریم نواز نے کہا کہ سائفر کی برآمدگی کیلئے بنی گالہ پر چھاپہ مارنا چاہیے، میں ملک کے سسٹم پر حیران ہوں، جیل کا حقدار شخص آزاد ہے، اسحاق ڈار نے کہا کہ سائفر سازش کو منطقی انجام تک نہ پہنچایا تو یہ آئین سے غداری ہوگی، رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سائفر کا معاملہ پارلیمنٹ میں جائیگا، پارلیمنٹ آرٹیکل 6کا ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کریگی، ن لیگ کی نہیں اتحادی حکومت ہے اتحادیوں کو اعتماد میں لیکر عمران کی گرفتاری کا فیصلہ کرینگے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتے کو ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مریم نواز نے کہا ہے کہ بنی گالہ نہیں، منی گالہ ہے۔سائفر کی تلاش کے لئے بنی گالہ پر ریڈ ہونا چاہیے۔ سازش کا ماسٹر مائنڈ فارن فنڈز فتنہ عمران خان ہے۔عوام نے بہت سخت دن دیکھے ہیں۔ آپ جب بھی یہ آڈیو سنیں گے تو احساس ہوگا کتنا بڑا کھیل کھیلا گیا۔ فتنہ عمران خان کوعوام کے سامنے لانا ہے یہ جھوٹ پر جھوٹ بولتا ہے۔ وزیر اعظم ہائو س کا ڈیٹا لیک ہوا ہے۔ میری آڈیوز بھی لیک ہو ئیں ۔ ن لیگ کی کسی آڈیو میں آپ کو ملک کے خلاف بات سننے کو نہیں ملے گی۔ مجھے پہلے دن سے پتہ تھا یہ شخص جھوٹ بول رہا ہے ۔مریم نواز نے کہا کہ اس صدی کا سب سے بڑا جھوٹ یہ ہے کہ عمران خان کبھی سچ بول سکتا ہے۔ سازش ہوئی ہے وہ سازش فارن فنڈز فتنہ عمران خان نے کی ہے ۔ میں نے چار سال نواز شریف کے ساتھ وقت گزارا تو ان کو کام کرتے دیکھا ۔ صرف سازش نہیں ہوئی یہ ٹیمپرنگ ہوئی ہے۔ بیگم صاحبہ نے پہلے کہا تھا اس کو سازش اور غداری میں چھپا دو ۔ آپ نے جعل سازی کی،اس کو بدلا۔ آپ نے سوچا چپ کرکے کردو عوام کو کیا پتہ چلے گا۔ آپ کو پاکستانی عوام اور اپنی جماعت سے معافی مانگنی چاہیے ۔ آپ نے پاکستان کی نیشنل سیکیورٹی کے خلاف سازش کی۔ کوئی ملک ہمیں خط لکھنے کو تیار نہیں ہے سب ڈرتے ہیں پاکستان سے ۔ جھوٹی سازش کے ڈرامے کی آڑ میں فارن ریلیشن کو کھیل تماشہ بنادیاہے،مریم نواز نے سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ جتنی بار آڈیو سنیں گے تو آپ کو پتا چلے گا ملک کے ساتھ کتنا بڑا کھیل کھیلا گیا، میں اس شخص کو اپنے گھر کے باہر والے دروازے سے بھی اندر نہ آنے دوں۔مریم نواز نے کہا کہ مجھے بڑی خوشی ہے عوام کو ریلیف ملا ہے، ن لیگ کی جتنی بھی آڈیوز آجائیں کبھی ملک کے خلاف کوئی بات سننے کو نہیں ملے گی، پاکستان کی سلامتی پر مسلم لیگ ن کبھی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔ اس کے جھوٹ گنوانے پر آؤں تو صبح ہو جائیگی اسکےجھوٹ ختم نہیں ہونگے، جب اسکو پتا چلا اس کے اپنے ممبران خلاف ہوگئے ہیں تو ساز ش سازش شروع کر دیا، مجھے پہلے دن سے پتا تھا یہ جھوٹ بول رہا ہے، اس صدی کا سب بڑا جھوٹا عمران خان ہے۔سازش کا ماسٹر مائنڈ فارن فنڈڈ فتنہ عمران خان ہے، یہ صرف سازش نہیں ہوئی یہ ٹیمپرنگ ہوئی ہے، اس نے کہا ٹرانسکرپٹ کا لوگوں کو کیا پتا، سازش بنا دو، آپ نے پاکستان کے حساس دستاویز کے ساتھ جعل سازی کی، سائفر کی کاپی وزیراعظم ہاؤس سے غائب ہے، جاتے جاتے پانی کی 2 ہزار بوتلوں کے ساتھ سائفر بھی لے گئے۔مریم نواز نے کہا کہ آپ نے قوم کے سامنے کھڑے ہوکر جھوٹ بولا، حکومت جانے پر آپ نے بہانہ گڑھنا تھا، آپ نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کے خلاف سازش کی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے مجھے بتایا کوئی ملک پاکستان کو خط لکھنے کو تیار نہیں، وزیراعظم نے مجھے بتایا دوسرے ممالک پاکستان سے بات کرنے سے ڈرتے ہیں۔ آپ نے جھوٹ سازش کی آڑ میں بتایاپاکستان ایک غلام ملک ہے، سازش کبھی تھی ہی نہیں، قومی سلامتی کے معاملے پر عمران خان کہتے ہیں اس پر کھیلنا ہے، یہ ہے عمران خان کی 25 سال کی جدوجہد، آڈیوز اس فتنہ کےخلاف پوری فرد جرم ہے، یہ شخص پاکستان میں فتنہ پیدا کرکے باہر سے ڈالرز لیتا رہا، پاکستان کے دشمنوں سے کروڑوں روپے عمران خان نےاپنی جیب میں ڈالے۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ دیکھ لیں، عمران خان نے جاتے جاتے آئین توڑ دیا، پاکستان کی سب سے بڑی عدالت سے آپ کے خلاف فیصلہ آیا کہ آپ نےآئین توڑا، فارن فنڈڈ کے علاوہ آپ نے جاتے جاتے آئین توڑا، اس شیطانی ذہن کے ہاتھوں پاکستان کی قوم 4 سال سے یرغمال بنی ہوئی ہے۔ہم کوئی خوشی خوشی آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل نہیں کر رہے، یہ عمران خان نے کی تھی، جی سی یونیورسٹی میں گیا ہوا تھا، بچوں کو پتا چل گیا کہ سازش کس نےکی، لوگوں کو درس دے رہا ہےہمیں آزادی چاہیے، لیکن کہتا ہے ہم نے نام نہیں لینا، 25 ہزار ڈالر پر امریکا سے ایک فرم ہائر کی ہے کہ امریکا سے تعلقات ٹھیک کروا دیں، آپ کہتے ہیں امریکا نے آپ کے خلاف سازش کی، تو کیا آپ اس سے جاکر معافیاں مانگیں گے؟ آپ نے پاکستانی قوم کو بے وقوف سمجھ رکھا ہے۔ تقریر میں اس نے خاتون جج زیبا صاحبہ کو للکارا، جس غلطی پر تم پکڑے جاؤ اس پر معافی مانگ لو جو نہ پکڑی جائے وہ ٹھیک ہے، غداری کا جو لیبل عمران خان کے ماتھے پر لگا ہے وہ کسی وزیراعظم کو نہیں لگا، عمران خان کہتے ہیں امریکا کا نام نہیں لینا پھر نام لے لیا، عمران خان جس غلطی پر پکڑے جاتے ہیں اس پر معافی مانگتے ہیں، عمران خان کی آڈیوز سے حیرانگی نہیں ہوئی۔مریم نواز نے کہا کہ جب نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کیے ان کو بھی دھمکیاں اور لالچ دیا گیا ہوگا، نواز شریف کو بھی فون اور سائفر آئے ہوں گے انہوں نے دھماکوں کے وقت کہا ایبسولوٹلی ناٹ۔انہوں نے مزید کہا کہ جانور بھی اپنے مالک سے وفا کرتا ہے، تم نے تو اپنے ملک سے بھی وفا نہیں کی، ٹرمپ کے گھر پرچھاپا مار کر دستاویزات برآمد کیے گئے، رانا ثناء اللّٰہ صاحب، بنی گالہ میں بھی چھاپا پڑنا چاہیے، یہ کھیل کھیل میں ملک سے کھیل گئے، سائفرکی آڑ میں کھیل کھیلا گیا جو کبھی سائفر تھا ہی نہیں۔مریم نواز نے کہا کہ جو دو، دو تین، تین بار وزیراعظم بنے کیا ان کے سینے میں راز نہیں ہیں؟ نواز شریف نے 5 ارب ڈالرز کی آفر ٹھکرا دی، اسے کہتے ہیں ایبسلوٹلی ناٹ، یہ ملک ہے کوئی اسٹیڈیم نہیں، آپ نے ملک کے سفارتی تعلقات خراب کر دیے، سازش کی آڑ میں آپ نے میر جعفر، میر صادق اور جانور کے لقب دیے، وہ سازش جو کبھی ہوئی نہیں اس سازش کی آڑ میں آپ نے شہدا کو نشانہ بنایا، آپ نے ہیلی کاپٹر حادثے کے شہدا کے خلاف سازش کی۔میر جعفر بھی تم ہو، میر صادق بھی تم ہو اور جانور بھی تم ہو، تم نے اپنے مفادات کی خاطر ملک کو بھینٹ چڑھا دیا، قانون کے ہاتھ جو غدار کے گریبان تک پہنچنے چاہیے تھے وہ نہیں پہنچے، مجھےاپنی حکومت سے بھی شکوہ ہے، کیوں قانون کے ہاتھ اس کے گریبان تک نہیں پہنچتے؟ میں یہ نہیں کہتی کہ اس پر ایفی ڈرین کا کیس بنا دو، اس نے پاکستان کے خلاف سازش کے لیے فارن فنڈنگ لی، یہ ہوگا کسی کا لاڈلا ہمارا لاڈلا نہیں ہے۔مریم نواز نے مزید کہا کہ اس نے پاکستان کے اہم ادارے میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کی، حیران ہوں میں اپنے اوپر بھی اس ملک کے سسٹم پر بھی، تم ہوتے کون ہو جس سے کوئی مشورہ کرے، اس کا اصل چہرہ عوام کو دکھائیں اور اسے کیفر کردار تک پہنچائیں، جو شخص خود اعتراف گناہ کر رہا ہے اس کے بعد آپ کو کیا ثبوت چاہیے۔وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سفارتی سائفر کی چوری پر کارروائی نہیں کرتے تو آئین سے غداری ہوگی، ثابت ہوگیا کہ سازش اپوزیشن نے نہیں بلکہ عمران خان نے کی تھی ، جو منٹس بنائے گئے وہ موجود ہیں لیکن سائفر موجود نہیں ، سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان سے پوچھا تو کہتے اصلی کاپی عمران خان کو دی تھی۔پاکستان میں سکیورٹی کی خلاف ورزی ہوئی ہے، عمران خان نے مہم چلائی تھی کہ انہیں سازش کر کے نکالا گیا، عمران خان نے سائفر کا سہارا لیا، سائفر خفیہ دستاویز ہوتا ہے جسے عام نہیں کر سکتے، آڈیو لیک نے ان کا بھانڈا پھوڑ دیا، آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور قانون کی خلاف ورزی کی گئی، سب خلاف ورزیوں کا ذمہ دار عمران خان ہے، عمران خان نے ملک کی معیشت کو تباہ کر دیا، عمران خان سے پوچھنا چاہئے اس نے ملک کو تنزلی کا شکار کیوں کیا، کسی ملک میں معیشت کو جان بوجھ کر خراب کرنے کی اجازت نہیں ہوتی، یہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے، اس وقت وہ سائفر غائب ہو گیا ہے، عمران خان نے ترقی کرتے ہوئے پاکستان کو بھکاری بنا دیا، ڈیفالٹ کی سرحد پر پہنچا دیا، عمران خان نے سائفر کا سہارا لیا اور کہانی بنائی، سائفر کا معاملہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت آگے لے جائیں گے۔وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا کہ عمران خان کا ایجنڈا شاید یہی ہے کہ پاکستان کی معیشت کو تباہ کیا جائے، معیشت کو تباہ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں کابینہ میں شامل ہیں،موجودہ پرنسپل سیکرٹری نے سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان سے سائفر کی کاپی کا پوچھا تو کہتے عمران خان کو دے دی تھی۔جو منٹس بنائے گئے وہ موجود ہیں لیکن سائفر موجود نہیں ہے، دونوں کا موازنہ کرنا ضروری ہے، سفارتی کمیونٹی میں اس کی مثال نہیں ملے گی، اب پتا چل گیا ہے سازش حکومت نے نہیں بلکہ عمران خان کی حکومت نے کی تھی، اگر اس پر ایکشن نہیں لیتے ، یہ ہونہیں ہوسکتا، اس حوالے سے قومی سلامتی کمیٹی، کابینہ کی میٹنگ ہوچکی ہے، اس میں ہم سب کا فرض ہے، جس نے بھی کیا اس کی معافی نہیں ہے،اگر کاروائی نہیں کرتے تو آئین سے غداری ہوگی اگر اس پر کاروائی نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ چار سال کی تباہی ، گند تین چار ماہ میں صاف نہیں ہوسکتا،شہبازشریف اور ٹیم نے دن رات محنت کی، ہماری کوشش ہوگی کہ سب سے پہلے تباہی کو روکیں، ہمیں کافی حد تک کامیابی کی امید ہے، اس کے بعد ریورس کریں گے، پاکستان جب ڈیفالٹ تھا، تو اس کو بچانے میں پی ڈی ایم نے کردار ادا کیا، لیکن پچھلے پانچ دنوں میں مسلسل کرنسی بہتر ہورہی ہے، 14سو تک قرض کم ہوگیا ہے، ہم نے گزشتہ روز عوام کو تیل کی قیمتوں میں ریلیف دیا، یہ ہمارا فرض ہے۔آنے والے ہفتوں میں مزید بہتری نظر آئے گی، 46سو ایل سیز رکی ہوئی ہیں، آئندہ دنوں ہر فیلڈ میں بہتری لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ان کی سوچ ہے کہ ہم نہیں تو پاکستان پر ایٹم بم گرادے۔ پونے چار سال میں انھوں نے پاکستان کو بھکاری بنادیا۔ اس ملک میں وہ قوانین بنانے چاہئیں کہ کسی ملک میں نیشنل سیکیورٹی کونسل کو بریچ کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ ڈپلومیٹک کمیونٹی میں جو انھوں نے زبان استعمال کی وہ نہیں کرسکتے۔ اس حوالے سے نیشنل سیکیورٹی کونسل اور کابینہ کی میٹنگ ہوچکی ہے۔ اس کا پوری طرح ذمہ داری ادا کریں گے آئینی طور پر آگے لے کر جایا جائے گا۔ ہماری کرنسی بہتر ہونا شروع ہوگئی ہے۔ کل رات ہم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کی ہیں اور آنے والے ہفتوں میں آپ کو مزید بہتریاں نظر آئے گی۔