کراچی میں بڑھتے اسٹریٹ کرائمز کا حل کیا ہے؟

October 02, 2022

کراچی میں بڑھتے اسٹریٹ کرائمز کا حل کیا ہے؟ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن، سابق آئی جی سندھ کلیم امام اور ڈی آئی جی ایسٹ مقدس حیدر نے تجاویز دے دیں۔

جیو نیوز کی خصوصی ٹرانسمیشن میں وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ سیف سٹی کے لیے 100 فیصد فنڈنگ مختص کردی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی جی سندھ کو شہر میں کرائم کنٹرول کرنے کے لیے فری ہینڈ دے رکھا ہے۔

سابق آئی جی سندھ کلیم امام نے کہا کہ اسٹریٹ کرائمز سمیت تمام جرائم کی روک تھام کے لیے ضروری ہے کہ افسران کو مدتِ ملازمت کی سیکیورٹی دینا ہوگی اور انہیں وسائل مہیا کرنا ہوں گے۔

ڈی آئی جی ایسٹ مقدس حیدر نے کہا کہ اسٹریٹ کرائمز میں 50 فیصد ملزمان گرفتار کرلیے جاتے ہیں، اسٹریٹ کرائمز میں مخصوص اضافہ نہیں ہوا۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ اسٹریٹ کرائمز کے دوران تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے لیکن اس پر بھی کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے۔