جنرل باجوہ کی امریکی وزیر دفاع و مشیر قومی سلامتی سے ملاقات

October 05, 2022

کراچی( نیوزڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکا کے دورے کے دوران امریکی وزیر دفاع جنرل ریٹائرڈ لائیڈ جیمز آسٹن، مشیر امریکی قومی سلامتی مسٹر جیکب جیرمیا سلیوان اورامریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی روتھ شرمین سے ملاقات کی ، اس موقع پرباہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، فریقین نے افغانستان سمیت اہم بین الاقوامی مسائل اور انسانی بحران سے بچنے اور خطے میں امن و استحکام کو بہتر بنانے کے لیے تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ آرمی چیف نےامریکی حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ عالمی شراکت داروں کی امداد پاکستان میں سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے اہم ثابت ہوگی۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعاون کی طویل تاریخ ہے اور اقتصادی تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری کے ذریعےان تعلقات میں بہتری کوفروغ دیا جائیگا،آرمی چیف کافلوریڈامیں سمندری طوفان سےہلاکتوں پردکھ اورافسوس کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان متاثرین کے خاندانوں کے نقصان اور درد کو بخوبی سمجھتا ہے کیونکہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے اسی طرح کے اثرات سے دوچار ہے۔