فارن فنڈنگ کیس: پی ٹی آئی رہنما حامد زمان اور سیف اللّٰہ نیازی گرفتار

October 07, 2022

—فائل فوٹو

فارن فنڈنگ کیس کے معاملے پر پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی ممبر حامد زمان اور سینیٹر سیف اللّٰہ نیازی کو گرفتار کرنے کی خبریں سامنے آئی ہیں جبکہ ایف آئی اے کی جانب سے سیف اللّٰہ نیازی کی گرفتاری کی تردید کی گئی ہے۔

جاری کیے گئے اعلامیے میں ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ سینیٹر سیف اللّٰہ نیازی کی سینیٹ کے احاطے سےگرفتاری کی خبریں بے بنیاد ہیں۔

ایف آئی اے کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سینیٹر سیف اللّٰہ خان نیازی کو اب تک ایف آئی کے کسی بھی ونگ نے گرفتار نہیں کیا۔

لاہور میں حامد زمان اپنے دفتر سے گرفتار

ایف آئی اے لاہور کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے حامد زمان کو لاہور میں وارث روڈ پر واقع ان کے دفتر سے گرفتار کیا گیا ہے۔

ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ انصاف ٹرسٹ کے اکاؤنٹ میں 2013ء میں 6 لاکھ 25 ہزار ڈالر آئے، انصاف ٹرسٹ قواعد و ضوابط پر پورا نہیں اترتا تھا، حامد زمان انصاف ٹرسٹ کے سیکریٹری تھے۔

پنڈی میں عامر کیانی کی رہائش گاہ پر بھی چھاپہ

ایف آئی اے نے رہنما پی ٹی آئی عامر کیانی کی راولپنڈی میں واقع رہائش گاہ پر بھی چھاپہ مارا ہے۔

کراچی: طارق شفیع کے گھر کی تلاشی

پاکستان تحریکِ انصاف کے لیے بیرونِ ملک سے غیر قانونی طور پر رقوم پاکستان منتقل کرنے کے مقدمے میں نامزد پی ٹی آئی عہدے دار اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے فرنٹ مین طارق شفیع کی گرفتاری کے لیے گزشتہ روز ایف آئی اے کی ٹیم نے کراچی میں ان کے گھر پر چھاپہ مارا تھا۔

ایف آئی اے کی ٹیم نے (آج) جمعے کی صبح سرچ وارنٹ کے ساتھ طارق شفیع کے گھر کی تلاشی بھی لی۔

طارق شفیع کی عدم موجودگی کی وجہ سے ایف آئی اے کی ٹیم انہیں گرفتار کیے بغیر واپس چلی گئی۔