شہباز شریف کی پریس کانفرنس کے بعد PTI رہنما گرفتار ہوئے: فواد چوہدری

October 07, 2022

فواد چوہدری—فائل فوٹو

پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی پریس کانفرنس کے بعد طارق شفیع، حامد زمان، سیف اللّٰہ نیازی کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ گرفتاریوں سے اندازہ ہو رہا ہے کہ حکومت کی سانسیں اکھڑ گئی ہیں، حکومت آزادی مارچ کے اعلان سے خوفزدہ ہو چکی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا یہ بھی کہنا ہے کہ گرتی ہوئی دیوار اب آخری دھکے کی منتظر ہے تو کارکنان تیاری پکڑ لیں۔

واضح رہے کہ فارن فنڈنگ کیس کے معاملے پر پی ٹی آئی رہنما حامد زمان، سیف اللّٰہ نیازی کی گرفتاری اور عامر کیانی و طارق شفیع کے گھر پر چھاپے کی خبریں سامنے آئی ہیں۔

ایف آئی اے کی جانب سے سیف اللّٰہ نیازی کی گرفتاری کی تردید کی گئی ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیرِداخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے اپنی پریس کانفرنس میں سیف اللّٰہ نیازی کو حراست میں لینے کی تصدیق کی ہے۔