بھارت: نومولود بیٹی کے ساتھ وقت گزارنے کیلئے سینئر وائس پریزیڈنٹ مستعفی

November 19, 2022

فوٹو: سوشل میڈیا

بھارت میں ایک تعلیم یافتہ نوجوان نے اپنی بیٹی کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے اعلیٰ نوکری ہی چھوڑ دی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق انکت جوشی نامی اس نوجوان نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران اس انوکھے فیصلے سے متعلق بتایا۔

انکت کا کہنا تھا کہ اس نے حال ہی میں ایک کمپنی میں بطور سنیئر وائس پریزیڈنٹ ملازمت شروع کی تھی، تاہم بیٹی کی پیدائش سے چند ماہ قبل ہی اس نے اپنی یہ وائٹ کالر نوکری چھوڑی دی۔

انہوں نے یہ دلکش ملازمت چھوڑنے کی وجہ یہ بتائی کہ وہ اپنی نومولود بیٹی کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے تھے اور اسی وجہ سے جاب کو خیرباد کہا۔

اپنے فیصلے کی وضاحت دیتے ہوئے انکت نے بتایا کہ میں جانتا ہوں کہ یہ کچھ عجیب فیصلہ ہے، جبکہ لوگوں نے خبردار بھی کیا تھا کہ آگے چل کر چیزیں بہت پریشان کن ہوسکتی ہیں، تاہم اہلیہ نے اس فیصلے کی بھرپور حمایت کی۔

اپنی ملازمت سے متعلق انکت نے بتایا کہ اس ملازمت کے لیے مختلف شہروں کا سفر کرنا لازمی تھا اور نہیں چاہتا تھا کہ بیٹی کی پیدائش کے بعد ایسا ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ میں بیٹی کی پیدائش کے بعد لمبی چھٹیاں چاہتا تھا، جانتا تھا کہ کمپنی ایسا نہیں کرسکے گی اس لیے میں نے ملازمت ہی چھوڑ دی۔