فلم جوائے لینڈ پر پابندی، سوشل میڈیا سے مواد ہٹانے کیلئے ہائیکورٹ میں رٹ

November 22, 2022

پشاور(کرائم رپورٹر) متنازعہ پاکستانی فلم جوائے لینڈ پر پابندی اورسوشل میڈیا سے مواد ہٹانے کیلئے پشاور ہائیکورٹ میں رٹ دائر کردی گئی ہے، عدالت نے پیمرا، پی ٹی اے اور ایف آئی اے کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے دوروز میں جواب طلب کرلیا۔ کیس کی سماعت پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز انور اور جسٹس ارشد علی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی ۔درخواست گزار وکلاءسارہ علی خان، میرمحسن الدین، کامران الاسلام اورزینب افتخارایڈوکیٹس بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ مخصوص طبقہ ہمارے مذہبی اور معاشرتی اقدار کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے ،فلم میں جو کچھ دکھانے کی کوشش کی جارہی ہے ،وہ اسلامی اقدار اور آئین پاکستان کے بھی خلاف ہے۔۔ مغرب سے متاثر ہوکر اس قسم کی فلمیں بنانے سے لوگوں خصوصا نوجوانوں کے ذہنوں پر انتہائی برا اثر پڑے گا جو ہماری ثقافت کوبھی تباہ کرنے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ فلم کو پاکستان کے سینما اور سوشل میڈیا پر دکھانے پر پابندی لگائی جائے اور پاکستان میں اس فلم کو سوشل میڈیا ایپس سے ہٹانے کا حکم دیا جائے ۔فاضل بنچ نے پیمرا سمیت دیگر فریقین کو نوٹسزجاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 23 نومبر تک کےلئے ملتوی کر دی۔