پاک فوج میں کمانڈ تبدیلی کی تقریب آج، جنرل عاصم منیر چارج سنبھالیں گے

November 29, 2022

راولپنڈی(ایجنسیاں)پاک فوج کے 17 ویں سربراہ جنرل عاصم منیر (آج) منگل کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے، نئے آرمی چیف کیلئے کمان کی تبدیلی کی تقریب میں سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کمانڈ کی چھڑی نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو سونپیں گے۔

جنرل سید عاصم منیر کمان کی تبدیلی کی تقریب میں فور اسٹار جنرل کے شولڈر رینکس اور کالر میڈل لگاکر شرکت کریں گے۔ جی ایچ کیو میں منعقدہ تقریب میں تمام مسلح افواج کے سربراہان، اعلیٰ سول، فوجی افسران شریک ہونگے، پروقار تقریب میں وفاقی وزراء، سفارتکار اور صحافی شرکت کریں گے۔

کمانڈ کی چھڑی کو کمانڈ اسٹک بھی کہا جاتا ہے، آرمی کمان کی یہ چھڑی انگریزوں کے دور سے فوجی روایت کا حصہ چلی آ رہی ہے۔ کمانڈ اسٹک 1اسٹار یعنی بریگیڈیئر کے عہدے کے افسران کو سونپی جاتی ہے، یہ اسٹک افسران کو پرانے افسران کی جانب سے دی جاتی ہے۔ پرانے افسران آنے والے نئے افسر کو یہ چھڑی سونپ کر خود نئی چھڑی تھامے نئے عہدے پر ترقی کر جاتا ہے اور یہ سلسلہ آرمی چیف پر جا کر ختم ہوتا ہے۔

اسلام آباد سے حنیف خالد کے مطابق پیر کی شام تقریب تبدیلی کمان کیلئے پاکستان آرمی کے دعوت نامے جاری کردیئے گئے ہیں۔ یہ دعوت نامے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے سول و ملٹری مہمانوں کو جاری کئے۔ دعوت نامے میں کہا گیا ہے کہ 29 نومبر کو صبح 9 بجکر 45 منٹ پر آرمی ہاکی اسٹیڈیم نزد جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں تقریب شروع ہو گی۔

سرونگ افسران ایس ڈی (سروس ڈریس) کے ساتھ تمام میڈل پہن کر آئیں‘ ریٹائرڈ افسر قومی/لاؤنج سوٹ پہن کر آئیں تاہم ریٹائرڈ افسران (MINIATURE) میڈل لگاکر آ سکتے ہیں جبکہ سویلین مہمانوں کو قومی اور لاؤنج سوٹ پہن کر آنا ہوگا۔

پروگرام جو دعوت نامے میں درج ہے اسکے مطابق مہمانان گرامی صبح 10 بجے ٹھیک اپنی سیٹوں پر بیٹھ جائینگے۔ لیفٹیننٹ جنرل صاحبان‘ وفاقی سیکرٹری صاحبان 10بجکر 10 منٹ سے 10بجکر 30 منٹ کے درمیان نشستوں پر پہنچ جائیں گے۔ سیاسی شخصیات 10بجکر 35 منٹ سے 10بجکر 40 منٹ کے درمیان تقریب گاہ میں اپنی نشستوں پر پہنچ جائیں گے۔

ریٹائرڈ فور سٹار جنرل آفیسرز (آرمڈ فورسز) 10بجکر 42 منٹ سے 10بجکر 49 منٹ پر آئیں گے۔ نامزد چیف آف آرمی سٹاف 10 بجکر 50 منٹ پر پہنچیں گے۔ سروسز چیفس 10 بجکر 51 منٹ سے 10بجکر 57 منٹ پر پہنچیں گے۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی 10 بجکر 58 منٹ پر آئیں گے۔ چیف آف آرمی اسٹاف 11 بجے پہنچیں گے۔ 11 بجکر 2 منٹ پر تقریب تبدیلی کمان پاک آرمی کا آغاز ہوگا جس کی تکمیل 12 بجکر 5 منٹ پر ہوگی۔