سرمایہ کاروں کو حکومتی سطح پر ہر قسم کا تعاون فراہم کرینگے، عمر جمالی

November 29, 2022

کوئٹہ (آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے توانائی میر عمر خان جمالی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، محکمے میں بیرونی سرمایہ کاری میں حائل رکاوٹوں اور دشواریوں کو دور کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور محکمے میں بیرونی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کرنے کے لئے خوش آمدید کہتے ہیں اور ان کے شکر گزار ہیں انہیں حکومتی سطح پر ہر قسم کا تعاون فراہم کریں گے کیونکہ یہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور عوام میں پائی جانے والی پسماندگی کو دور کرنے کے لئے انتہائی ناگزیر ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری توانائی بشیر احمد بازئی سیکرٹری انڈسٹریز عابد سلیم قریشی ایم ڈی بی پی پی آر مجیب الرحمان بلوچستان بورڈ آف انوسٹمنٹ بورڈ آف ریونیو اور بلوچستان انرجی کمپنی کے حکام کراچی الیکٹرک اینگرو انرجی آئی بی وولٹ نظام انرجی اور حبیب اللہ کوسٹل پاور پلانٹ کے وفود بھی موجود تھے، میر عمر جمالی نے کہا کہ بلوچستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بہت سے لوگ خواہاں ہیں، سرمایہ کار وفود بلوچستان میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں اور سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں اور دشواریوں کو دور کرنے کے لئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے کیونکہ بلوچستان میں دیگر شعبوں کی طرح توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے بہت سی کمپنیاں دلچسپی رکھتی ہیں۔