پسوڑی کا جادو ارجیت سنگھ کے سر چڑھ کر بولنے لگا

November 29, 2022

فائل فوٹو

پسوڑی کا جادو ارجیت سنگھ کے سر چڑھ کر بولنے لگا، انہوں نے لائف کانسرٹ میں اپنے گانوں کی بجائےپاکستانی گانے ’پسوڑی‘ پر پرفارمنس دے دی۔

بین الاقوامی سطح پر مقبولیت کے جھنڈے گاڑنے والے پاکستانی گانے ’پسوڑی‘ نے اب پڑوسی ملک کے مشہور گلوکار ’ارجیت سنگھ‘ کو بھی اپنی دھن پر پرفارم کرنے پر مجبور کردیا۔

زبان، مذہب، قومیت کی باڑیں توڑ کر دلوں کو چھو لینے والا کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے گانے پسوڑی نے ارجیت سنگھ کو بھی اپنے سحِر میں گرفتار کرلیا اور انہوں نے اپنے کانسرٹ میں اس گانے پر پرفارم کیا تو شائقین بھی جھوم اُٹھے۔

سوشل میڈیا پر اس کانسرٹ کی ایک ویڈیو کلپ خوب وائرل ہو رہی ہے جس میں ارجیت سنگھ کو اپنی مدھر آواز میں پسوڑی پر پرفارم کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔


واضح رہے کہ ارجیت سنگھ کے دامن میں ’کیسریا، تم ہی ہو، کبھی بادل جو برسے، پھر محبت، ہمدرد جیسے ایک سے بڑھ کر ایک بہترین گانے موجود ہیں اس کے باوجود پاکستانی گانے پر پرفارم کرنا ’پسوڑی‘ کی مقبولیت اور گلوکار کی اس گانے سے محبت کو عیاں کرتا ہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر وائرل کلپ میں کچھ مداح ارجیت سنگھ کی آواز میں پسوڑی سن کر مایوسی کااظہار کر رہے ہیں اور انہیں اپنے ہی گانے گانے کا مشورہ دے رہے ہیں، جبکہ کچھ کا کہنا ہے کہ پسوڑی صرف علی سیٹھی کی آواز میں ہی اچھا لگتا ہے۔