ڈرامہ سیریل ’خدا اور محبت‘ کے OST کیلئے ایوارڈ ملنے پر خوش ہوں، نوید ناشاد

November 29, 2022

جیو انٹرٹینمنٹ کے مشہور ڈرامہ سیریل ’خدا اور محبت‘کےاوریجنل ساؤنڈ ٹریک’تَن جُھوم جُھوم‘ کے موسیقار نوید ناشاد نے لکس اسٹائل ایوارڈ ملنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

نوید ناشاد کا کہنا ہے کہ ڈرامہ سیریل’خدا اور محبت‘ کے سیزن 3 کے اوریجنل ساؤنڈ ٹریک(OST) کو کمپوز کرنے پر مجھے لکس اسٹائل ایوارڈ ملا جس پر بہت خوش ہوں اور اپنے رب کا شکر ادا کرتا ہوں۔

اُنہوں نے گانے کی موسیقی کا موقع فراہم کرنے پر جیو اور سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ کا بھی شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ ڈرامہ سیریل’خدا اور محبت‘ کے سیزن 3 کے لیے استاد راحت فتح علی خان کی آواز میں ریکارڈ کیے گئے دل کو چھو لینے والے اس اوریجنل ساؤنڈ ٹریک نے یوٹیوب پراب تک 240 ملین سے زائد ویوز حاصل کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

اس ڈرامے کا پہلا سیزن 2011ء میں ریلیز ہوا تھا، جسے پاکستان سمیت دنیا بھر میں بہت پذیرائی حاصل ہوئی۔

ڈرامہ سیریل’خدا اور محبت‘ میں اداکار فیروز خان اور اقراء عزیز نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں جبکہ ڈرامے کے پروڈیوسر عبداللّٰہ کادوانی اور اسد قریشی ہیں۔