عرس پر صفائی کے مثالی انتظامات، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا کیمپ آفس قائم

December 01, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر) حضرت شاہ رکن عالم ؒکے عرس کے پہلے روز ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی جانب سے صفائی کے مثالی انتظامات کئے گئے ۔مزار کے احاطہ اور قلعہ کہنہ قاسم باغ کے اطراف میں بھرپور صفائی ستھرائی کی گئی اورمزارکی جانب جانیوالے تمام راستوں کو چمکا دیا گیا۔قلعہ کہنہ قاسم باغ جانیوالی سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جارہا ہے جبکہ خوبصورتی کے لئے چونے کی لائننگ کی جارہی ہے۔زائرین کی رہائش گاہوں پر بھی صفائی کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔صفائی کے بہترین انتظامات کے لئے تین شفٹوں میں 50 ورکرز خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔قلعہ پر ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کا کیمپ آفس قائم کردیا گیا ہے جبکہ صفائی کی مانیٹرنگ کے لئے فوکل پرسن اور انچارج مقرر کردئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے وہاڑی روڈ اور شالیمار کالونی میں گرینڈ صفائی آپریشن کا آغاز کر دیا ہے اور ڈبل پھاٹک سے بی سی جی چوک کے راستے وہاڑی چوک تک روڈ کی سکریپنگ کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ ٹمبر مارکیٹ اور چوک شاہ عباس کے اطراف کی سڑکوں کی بھی بھر پور صفائی ستھرائی کی جارہی ہے۔