• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایمرسن یونیورسٹی ملتان کو متعدد شعبوں میں بی ایس داخلوں کی کمی کا سامنا

ملتان (سٹاف رپورٹر)ایمرسن یونیورسٹی ملتان کو متعدد شعبوں میں بی ایس داخلوں کی کمی کا سامنا، طلبہ کا مستقبل داؤ پر،یونیورسٹی کی پالیسیوں پر سوالات، متاثرہ طلبہ، والدین اور اساتذہ نے گورنر پنجاب و ایچ ای سی سے تحقیقات کا مطالبہ کردیا، تفصیل کے مطابق ایمرسن یونیورسٹی ملتان میں متعدد اہم شعبہ جات میں بی ایس پروگرامز کے مطلوبہ داخلے نہ ہونے کے باعث طلبہ کا مستقبل غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہوگیا ہے، ذرائع کے مطابق شعبہ بین الاقوامی تعلقات، اردو، کیمسٹری‘ زولوجی‘ شماریات‘ ریاضی‘ اسلامیات‘ ایجوکیشن، سوشیالوجی اور معاشیات سمیت کئی بنیادی سائنسز اور سوشل سائنسز کے شعبہ جات میں نئی انرولمنٹ انتہائی کم رہی ، جس کے باعث بعض شعبہ جات میں کلاسز شروع نہ ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جن چند طلبہ نے ان شعبہ جات میں داخلہ حاصل کیا تھا، ان کی کلاسز نہ بننے کے باعث تعلیمی مستقبل بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے دوسری جامعات میں داخلوں کی مقررہ تاریخیں گزر جانے کے باعث متاثرہ طلبہ کے لیے متبادل اداروں میں داخلہ لینا بھی مشکل ہوگیا ہے، جس پر طلبہ اور والدین میں شدید تشویش پائی جاتی ہے بعض متاثرہ طلبہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر بھی اپنے مسائل اجاگر کرتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ سے فوری حل کا مطالبہ کیا جا رہا ہے یونیورسٹی کے بعض اساتذہ نے الزام عائد کیا ہے کہ داخلوں کے معاملے میں مؤثر حکمت عملی اختیار نہ کیے جانے، شعبہ جات کی بروقت تشہیر اور طلبہ کو راغب کرنے کے لیے مؤثر اقدامات نہ ہونے کے باعث متعدد ڈسپلنز کو موجودہ صورتحال کا سامنا ہے اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو کم انرولمنٹ کے باعث کئی شعبہ جات کی تعلیمی سرگرمیاں مزید متاثر ہوسکتی ہیں، متاثرہ طلبہ، والدین اور اساتذہ نے گورنر پنجاب اور ہائر ایجوکیشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ ایمرسن یونیورسٹی ملتان میں کم انرولمنٹ سمیت دیگر معاملات کی تحقیقات کرائی جائیں اور طلبہ کا تعلیمی مستقبل مزید متاثر ہونے سے بچایا جائے۔
ملتان سے مزید