پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں

December 02, 2022

عالمی منڈی میں نومبر کے اواخر پر معدنی تیل کی قیمتوں میں ہونے والی پانچ فیصد کمی کے تناظر میں پاکستان کی مقامی مارکیٹ میں بھی اسی تناسب سے نئے نرخ متعین کئے جانے کا خیال ظاہر کیا جارہا تھا ۔ حکومتی فیصلے کے مطابق یکم دسمبر سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں گذشتہ پندھرواڑے کی سطح پر برقرار جبکہ مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل بالترتیب دس اور ساڑھے سات روپے فی لیٹر سستا کیا گیا ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بدھ کے روز ایک بریفنگ میں میڈیا کو باور کرایا کہ حکومتی فیصلے کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتیں جو گذشتہ دوماہ سے مستحکم ہیں ، آنے والے پندرہ دنوں میں بھی برقرار رہیں گی ۔ واضح ہو کہ سپلائی والے علاقوں میں سردی کے سیزن میں گیس کی فراہمی غیر معمولی طور پر کم ہوجانے اور اس سہولت سے محروم دور دراز اور دشوارگزار علاقوں کے لوگوں کا سال بھر مٹی کے تیل پر دارومدار ہوتا ہے ان میں سے اکثر آبادی محنت مزدوری کرنے والے افراد کی ہے جو انتہائی مہنگائی کے عالم میں میں ایندھن خریدنے کی سکت نہیں رکھتے، مٹی کے تیل کی قیمتوں میں ہونے والی متذکرہ کمی بقدر ریلیف دے سکے گی تاہم اسے مزید کم کیا جانا چاہئے کیونکہ ان مقامات کی اکثریت شدید سردی کی لپیٹ میں ہوتی ہے۔ اس وقت ملک میں پیٹرول 224 روپے 80 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 235.30 روپے فی لیٹر ہے جس کے باعث باربرداری اور ٹرانسپورٹ کے کرائے آسمان سے باتیں کررہے ہیں اور ویسے بھی محنت مزدوری کرنے والے افراد کی اکثریت بسوں اور ویگنوں میں سفر کرکے کام پر جاتی ہے۔ اس وقت عالمی سطح پر 5فیصد کمی کے بعد خام تیل کے نرخ 86 ڈالر فی بیرل ہیں اور گیس کی قیمتیں بھی چار فیصد کم ہوئی ہیں جس کے ثمرات پاکستانیوں کو بھی ملنے چاہئیں ۔ ایسا ہونے سے اور نہیں تو کم از کم مہنگائی کا بڑھتا ہوا سلسلہ رک سکے گا جس کا مقصد اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی لانا ہے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998