امریکا نے 3 شمالی کورین عہدیداروں پر پابندی لگا دی

December 02, 2022

تصاویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

امریکا نے میزائل پروگرام پر شمالی کوریا کے 3 اہم عہدے داروں پر پابندی لگا دی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق شمالی کوریا کے میزائل پروگرام سے منسلک 3 اہم عہدے داروں کے امریکا میں اثاثے منجمد کر دیے گئے۔

امریکی محکمۂ خزانہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے عہدے داروں کے ساتھ لین دین کرنے والوں کو بھی پابندی کا سامنا کرنا ہو گا۔

امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن کا اس ضمن میں جاری کیے گئے ایک بیان میں کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل فائر کرنے کے بعد دنیا خطرے میں ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ شمالی کورین عہدے داروں پر پابندی میں اتحادی جنوبی کوریا اور جاپان کا تعاون بھی حاصل ہے۔