غزہ کے شمالی علاقے میں حماس کے ساتھ جھڑپ میں ایک اور اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگیا۔
اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ اس کا ایک فوجی غزہ کے شمالی علاقے جبالیہ میں ہونے والی جھڑپ کے دوران بارودی دھماکے میں ہلاک ہو گیا۔
ہلاک ہونے والے فوجی کی شناخت 20 سالہ سارجنٹ یسرائیل ناتان روزن فیلڈ کے نام سے ہوئی ہے، جو 601ویں کومبیٹ انجینئرنگ بٹالین سے تعلق رکھتا تھا اور رعنانا کا رہائشی تھا۔
ہلاک ہونے والا اسرائیلی فوجی 11 سال قبل لندن سے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ اسرائیل منتقل ہوا تھا۔
واضح رہے کہ صرف جون میں حماس کے ساتھ جھڑپوں میں ہلاک ہونے والے صہیونی فوجیوں کی تعداد 20 ہوگئی جبکہ اکتوبر 2023ء سے اب تک مجموعی طور پر 441 فوجی مارے جاچکے ہیں۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر 2023ء سے غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 53 ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ سوا لاکھ سے زائد زخمی ہیں۔