بھارت میں خدمت خلق کرنے والا چور پکڑا گیا

December 03, 2022

بھارت کی ریاست چھتیس گڑھ میں خدمت خلق کرنے والا چور پکڑا گیا، جس کے انکشافات نے پولیس اور دیکھنے والوں کو ہنسنے پر مجبور کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے چوروں کو گرفتار کیا تو پوچھ گچھ کے دوران ایک چور نے ایس پی کو جو جواب دیا اُسے سُن کر وہاں موجود سارے پولیس اہلکار ہنس پڑے۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ چور سے پوچھتا ہے کہ چوری کر کےتمہیں کیسا لگا جس پر چور کہتا ہے کہ مجھے اچھا لگا تھا مگر بعد میں مجھے افسوس ہوا کہ میں نے غلط کام کیا۔

پولیس اہلکار نے چور سے پوچھا کہ تمہیں افسوس کیوں ہورہا ہے اور تم نے کتنی مالیت کی چوری کی تھی، جس پر ملزم جواب دیتا ہے کہ چوری کرنا غلط کام ہے اس لیے مجھے افسوس ہورہا ہے اور میں نے 10 ہزار روپے مالیت کی چیزیں چوری کی تھیں۔

بعداذاں پولیس اہلکار نے چور سے پوچھا کہ تم نے پیسوں کا کیا کیا۔

ملزم کی جانب سے اس سوال کا جواب سن کر پولیس افسر اور وہاں موجود تمام اہلکار ہنس پڑتے ہیں۔

ملزم بتاتا ہے کہ اس نےچوری کے 10 ہزار غریب لوگوں میں بانٹدیے۔

ملزم کا کہنا تھا کہ میں نے ٹھنڈے موسم میں سڑک پر موجود غریبوں اور جانوروں کو کمبل بانٹے۔

پولیس اور ملزمان کی پوچھ گچھ کی اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ شیئر اور پسند کیا جارہا ہے۔

ساتھ ہی لوگ اس انٹیروگیشن ویڈیو پر دلچسپ تبصرے بھی کر رہے ہیں۔