• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

52 سالہ خاتون کی یوٹیوب سے پہلی کمائی، جذباتی ویڈیو وائرل

بھارت میں ایک 52 سالہ خاتون نے یوٹیوب کی پہلی کمائی حاصل کرنے کے بعد جذباتی ویڈیو شیئر کردی ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک دل کو چھو لینے والی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں مذکورہ خاتون کو یوٹیوب کے ذریعے اپنی زندگی کی پہلی کمائی کا جشن مناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ 

اس ویڈیو نے مختلف پلیٹ فارمز پر صارفین کی جانب سے خوب داد و تحسین حاصل کی ہے۔

فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک خاتون نے اپنی والدہ کی کامیابی کی ویڈیو شیئر کی ہے، ویڈیو میں ان کے چہرے پر خوشی، فخر اور جذبات واضح طور پر جھلک رہے ہیں۔ 

 ویڈیو میں ایک خاتون اپنی والدہ سے پوچھتی ہیں ’کیا ہوا ممی؟‘ جس پر خاتون اپنی زندگی کے ایک یادگار لمحے کا انکشاف کرتی ہیں۔

خاتون کا کہنا ہے کہ انہوں نے 52 سال کی عمر میں یوٹیوب کے ذریعے اپنی پہلی آمدنی حاصل کی ہے اور یہ کامیابی انہوں نے صرف چھ ماہ کے اندر حاصل کی۔

 ان کے الفاظ برسوں کی محنت، ثابت قدمی اور عزم کی عکاسی کرتے ہیں، جو ناظرین کے دلوں کو چھو گئے۔

ویڈیو کے کیپشن میں ایک خوبصورت پیغام بھی لکھا گیا ہے، جس میں کہا گیا کہ خواب دیکھنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی، صرف محنت کی ضرورت ہوتی ہے  اور انہوں نے یہ ثابت کر دکھایا۔

یہ ویڈیو یوٹیوب کریئیٹرز انڈیا کی توجہ بھی حاصل کرنے میں کامیاب رہی، جن کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ نے کمنٹ کرتے ہوئے خاتون کو مبارکباد دی اور ان کے سفر کو ’’انتہائی متاثر کن‘‘ قرار دیا۔

سوشل میڈیا صارفین نے کمنٹ سیکشن میں محبت اور حوصلہ افزائی کے پیغامات کی بھرمار کر دی۔ کئی لوگوں نے کہا کہ اس ویڈیو نے ان کا دن بنا دیا، جبکہ دوسروں کا کہنا تھا کہ یہ ثابت کرتا ہے کہ عمر محض ایک عدد ہے۔ 

متعدد صارفین نے خاتون کی محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ کچھ نیا شروع کرنے میں کبھی دیر نہیں ہوتی۔

دلچسپ و عجیب سے مزید