پاکستان کے 2 بڑے شہروں سے حاصل نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق

December 04, 2022

— فائل فوٹو

پاکستان کے 2 بڑے شہروں کے ماحولیاتی نمونوں میںپولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

وزارتِ صحت و سائنسز کے ذرائع کے مطابق پشاور اور فیصل آباد سے لیے گئے سیوریج کے نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔

پشاور اور فیصل آباد سے یہ نمونے 11 نومبر کو لیے گئے تھے، جن میں وائلڈ پولیو وائرس ون موجود ہے۔

رواں برس ملک بھر سے لیے گئے 34 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو کی تصدیق ہو چکی ہے۔

ان میں خیبر پختون خوا سے 22، پنجاب سے 9، سندھ سے 1 اور اسلام آباد سے لیا گیا 1 سیوریج کا نمونہ شامل ہے۔

گزشتہ سال ملک بھر سے لیے گئے 65 سیوریج کے نمونوں میںپولیو وائرس پایا گیا تھا۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں صرف پاکستان اور افغانستان 2 ایسے ممالک ہیں جہاں سے ابھی تک پولیو کا خاتمہ نہیں ہو سکا ہے۔