کشمیر بلدیاتی الیکشن، پی ٹی آئی کو شکست، اپوزیشن جماعتوں کو برتری حاصل

December 04, 2022

آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں حکمران تحریک انصاف کو شکست کا سامنا ہے جبکہ اپوزیشن اتحاد کی جماعتوں نے برتری حاصل کرلی ہے۔

بلدیاتی اداروں کے 866 میں سے 813 نشستوں کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور جموں و کشمیر پیپلزپارٹی کو 287 جبکہ پی ٹی آئی اور مسلم کانفرنس کو 274 نشستیں ملیں، 234 نشستیں آزاد امیدوار لے اُڑے۔

ضلع کونسل حویلی کی 12 میں سے صرف ایک نشست پی ٹی آئی کو ملی، 7 نشستوں پر ن لیگ اور 4 پر پیپلز پارٹی کامیاب ہوئی۔

حویلی کے وارڈز میں پیپلز پارٹی سب سے آگے ہے، ضلع کونسل پونچھ میں بھی اپوزیشن جماعتیں کامیاب ہوئیں، پی ٹی آئی 29 میں سے صرف 6 نشستیں جیت سکی۔

ضلع کونسل باغ میں پی ٹی آئی اور اس کی اتحادی جماعت مسلم کانفرنس کو برتری حاصل ہے، میونسپل کارپوریشن اور ٹاؤن کمیٹی باغ میں بھی پی ٹی آئی کامیاب ہوئی، ضلع سدھنوتی میں پی ٹی آئی نے میدان مار لیا۔

راولا کوٹ میونسپل کمیٹی میں اپوزیشن اتحاد اپنا میئر لائے گا، وزیراعظم آزاد کشمیر کے معاون خصوصی راجا شجاعت اور ترجمان وزیراعظم توصیف عباسی دھیرکوٹ میں اپنی اپنی یونین کونسلوں میں شکست کھاگئے۔

پونچھ ڈویژن ضلع کونسل کے سرکاری نتائج

آزاد جموں و کشمیر کے پونچھ ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے ضلع کونسل کے سرکاری نتائج سامنے آگئے۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن غضنفر علی نے مظفر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 88 میں سے 82 ضلع کونسل کی نشستوں کے نتائج مکمل ہوگئے ہیں۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ نتائج کے مطابق پی ٹی آئی نے30 نشستیں حاصل کیں، مسلم لیگ ن نے22 ضلع کونسل کی نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن کے مطابق پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے 13نشستیں، جے یو آئی ف نے 1 نشست اپنےنام کی، جموں کشمیر پیپلز پارٹی نے5، آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس نے 4 نشستیں حاصل کیں۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ پونچھ ڈویژن سےضلع کونسل کی نشستوں پر 8 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے، 6 ضلع کونسل کی نشستوں پر ہنگامہ آرائی کی وجہ سے پولنگ مکمل نہیں ہوئی، متعلقہ آر اوز کی رپوٹ کے بعد ان 6 نشستوں کےحوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔