پون، پن بجلی، شمسی توانائی پر توجہ دی جاتی تو آج ہمارا ایندھن کا بل 27 ارب ڈالر نہ ہوتا، شہباز شریف

December 06, 2022

اسلام آ باد (نمائندہ جنگ، اے پی پی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پون، پن بجلی، شمسی توانائی پر توجہ دی جاتی تو آج ہمارا ایندھن کا بل 27ارب ڈالر نہ ہوتا، حکومت عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کیلئے اقدامات کررہی ہے کیونکہ پاکستان مہنگی توانائی کا متحمل نہیں ہوسکتا، دوست ممالک کے تعاون پر انکے شکر گزار ہیں.

منگلا ڈیم کا منصوبہ پاک امریکا تعلقات کی بہترین مثال ہے ،ملک میں تعمیر و ترقی نعروں اور دھرنوں سے نہیں عمل اور سیاسی استحکام سے ہوتی ہے، تماشا لگانے سے کچھ نہیں ہوگا ،قول وفعل میں تضاد ختم کر کے ہمیں ملک کیلئے آگے آنا ، ملکی مفاد کو ساتھ لیکر چلنا ہوگا ،حالات اتنے مشکل ہیں کہ اگر بتاؤں تو رونگٹے کھڑے ہوجائیں، مخلوط حکومت ملک کو درپیش مشکل ترین چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پوری تندہی سے کام کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکو منگلا ڈیم کے یونٹ 5اور6کی ریفربشمنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ یہ منصوبہ پاک امریکا تعلقات اورتعاون کا مظہر ہے، تربیلا ڈیم کی استعداد کار بڑھانے کیلئے بھی امریکا پاکستان کے ساتھ تعاون کرے گا، ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے مل کر اقدامات کرنا ہونگے .

پاکستان کو حال ہی میں بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، بحالی کے کاموں میں پاکستان کی مددکرنا ہوگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ منگلا ڈیم کا منصوبہ پاک امریکا تعلقات کی بہترین مثال ہے.

اس کی بنیاد صدر ایوب کے دورمیں رکھی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو کلین، گرین اور سستی بجلی کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے، اس ڈیم کا ہماری معاشی ترقی میں بہت اہم کردار ہے۔