عمران کے گرد گھیرا مزید تنگ، توشہ خانہ ریفرنس میں پارٹی سربراہی سے ہٹانے کی کارروائی شروع

December 06, 2022

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ،جنگ نیوز) عمران خان کے گرد گھیرا مزید تنگ کردیا گیا، لیول پلائنگ فیلڈ میں میاں نواز شریف کو پارٹی صدارت سے الگ کرنے کے بعد عمران خان کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کا عمل شروع ہو گیا ۔

الیکشن کمیشن نے پارٹی صدارت سے الگ کر نے کیلئے نوٹس جاری کر دیا ، توشہ خانہ ریفرنس میں نااہلی پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عمران خان کو پی ٹی آئی کی چیئرمین شپ سے ہٹانے کے لیے کارروائی شروع کردی۔


چیئرمین شپ سے ہٹانے کا کیس 13 دسمبر کو سماعت کیلئے مقرر ،اسد عمر کاچیف الیکشن کمشنر کو خط لکھنے کا فیصلہ،پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی توشہ خانہ ریفرنس میں نااہلی کے بعد اب الیکشن کمیشن آف پاکستان متحرک ہوگیا اور اس نے عمران خان کو تحریک انصاف کی چیئرمین شپ سے ہٹانے کے لیے کارروائی کا آغاز کردیا۔الیکشن کمیشن نے عمران خان کو پارٹی کی سربراہی سے ہٹانے کے لیے نوٹس جاری کردیا اور برطرفی کا یہ کیس 13دسمبر کو سماعت کے لیے مقرر کردیا ہے۔

سپریم کورٹ نے2017میں انتخابی اصلاحات کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے پولٹیکل پارٹیز ایکٹ 2017کی شق 203کالعدم قرار دے دی تھی اور فیصلے میں قرار دیا گیا اور سپریم کورٹ نے 28 جولائی 2017کے بعد پارٹی سربراہ کی حیثیت سے میاں نواز شریف کے تمام فیصلے کالعدم قرار دے دیئے تھے سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے کہ آرٹیکل62/63پر پورا اترنے والا ہی پارٹی صدر بن سکتا ہے ۔