بھارت کا پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ویزے جاری کرنے سے انکار

December 06, 2022

فائل فوٹو

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ بھارت نے ویزے جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

بلائنڈ کرکٹ کونسل نے کہا کہ بھارت کے ویزے جاری کرنے کے انکار پر مایوسی ہوئی ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کی مضبوط امیدوار تھی۔

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ اطلاعات کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ نے کلیئرنس نہیں دی، بھارتی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں، کھیلوں میں سیاست کو لایا گیا ہے۔

صدر بلائنڈ کرکٹ کونسل سید سلطان شاہ نے کہا کہ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل بھارت کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے مستقبل میں میزبانی دینے پر پابندی لگا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرنا تھی، ٹیم کو اتوار کے روز بھارت روانہ ہونا تھا۔

بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ 5 سے 17 دسمبر تک کھیلا جانا ہے، پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم 2 مرتبہ رنر اپ رہ چکی ہے۔