منیجر سعید خان نے کوچ سیگفرائیڈ ایکیمن کے طریقہ کار پر سوال اٹھادیا

December 06, 2022

فوٹو: فائل

جنوبی افریقا ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی ہاکی ٹیم نے کینیڈا کو چار کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے کر ساتویں پوزیشن حاصل کرلی۔

یہ میچ پوچسٹروم میں آٹھ ملکی ایف آئی ایچ ہاکی ٹورنامنٹ میں کھیلا گیا۔

اس سے قبل ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی ہاکی ٹیم نے 11 سال بعد کانسی کا میڈل حاصل کیا تھا۔

جیو نیوز کے پروگرام اسکور میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر اولمپئین سعید خان نے گفتگو کرتے ہوئے ٹیم کی حکمت عملی اور کوچ سیگفرائیڈ ایکیمن کے کھیلنے کے طریقہ کار پر سوال اٹھا دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وقت کے ساتھ کھیل کے تقاضے بدل چکے ہیں، آج دنیا جارحانہ انداز میں ہاکی کھیل رہی ہے، البتہ ہمارے لئے یہ امر انتہائی حیران کن ہے کہ کوچ سیگفرائیڈ ایکمین دفاعی منصوبہ بندی کے حامی ہیں۔

ان کے اس انداز میں قومی ٹیم کو کھلانے پر منیجر سعید خان اور ان کے اسسٹنٹ منیجر اولمپئین ایاز محمود متفق نہیں ہیں۔

اس بارے میں سعید خان کا کہنا ہے کہ ہم جنوبی افریقا میں ابتدائی میچوں میں اچھا نہیں کھیلے لیکن اس کے بعد ہم ایونٹ میں کم بیک کرسکتے تھے لیکن دفاعی حکمت عملی کے باعث ہم مطلوبہ نتائج کے حصول میں کامیاب نہیں رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس بارے میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری حیدر حسین کو اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے بعد رپورٹ میں تحفظات سے آگاہ کر دیا تھا۔

اس سے متعلق پی ایچ ایف کے سیکریٹری حیدر حسین سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ صورتحال بطور سیکریٹری پاکستان ہاکی فیڈرشین ان کے لئے افسوسناک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ معاملات اس نہج پر بھی جاسکتے ہیں۔

سیکریٹری پی ایچ ایف نے کہا کہ جنوبی افریقا سے واپسی پر وہ اس سے متعلق ٹیم کے کوچ سیگفرائیڈ ایکمین، منیجر اولمپئین سعید خان اور اسسٹنٹ منیجر اولمپئین ایاز محمود سے بات چیت کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر معاملات یونہی رہے تو پھر انہیں منیجر اور کوچ میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔