37سالہ رونالڈو کی ضرورت نہیں رہی، 21سالہ راموس آگیا

December 08, 2022

دوحا(جنگ نیوز) پرتگال کا سپراسٹار فٹبالر کرسچیانو رونالڈو جس نےفٹبال کو اپنے پلّے سے بہت کچھ دیا، اب اس کا کردار اس قدر محدود ہو گیا ہے کہ کوئی اس کی ضرورت محسوس نہیں۔ ورلڈ کپ پری کوارٹر فائنل میں سوئٹزرلینڈ کے خلاف انہیں بنچ پر بٹھا دیاگیا۔2008کے بعد سے یہ پہلا موقع تھا کہ رونالڈو پرتگال کی میچ شروع کرنے والی ٹیم میں شامل نہیں تھے۔ ان کی بدقسمتی کہ کوچ فرنانڈو سانٹوس نے رونالڈو کی جگہ21الہ گونکالو راموس کو کھلایا جس نے1-6سے کامیابی میں رواں ورلڈ کپ کی پہلی ہیٹ ٹرک کردی۔ کوارٹر فائنل میں پرتگال کا مقابلہ مراکش سے ہوگا۔ جس نے سابق عالمی چیمپئن اسپین کو ہرا کر اسے ٹورنامنٹ سے نکال باہرکیا۔ جنوبی کوریا کے خلاف میچ میں جب کوچ نے رونالڈو کو گرائونڈ سے واپس بلایا تو انہوں نے کوچ کے فیصلے پر کھلے عام اپنی ناپسندیدگی ظاہر کی تھی ۔ انگلش پریمئر لیگ کلب مانچسٹر یونائٹیڈ نے بھی اناپرستی پر مبنی رویہ کے باعث37سالہ رونالڈو کو قبل از وقت ہی فارغ کردیا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوچ کے اختیارات کو چیلنج کرنے کا بڑے سے بڑے اسٹار کو بھی خمیازہ بھگتنا پڑتا ہے۔ اس طرح آسمان سے ٹوٹا یہ ستارہ کہیں گم ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ سانٹوس رونالڈو کو بٹھا کر بڑا جوا کھیلا اورجیت گئے۔ ورلڈ کپ مقابلوں میں رونالڈو نے514منٹ ناک آئوٹ مرحلے کی فٹبال کھیلی لیکن کوئی گول بھی نہ کرسکے۔ جبکہ راموس نے ایک ناک آئوٹ میچ میں67منٹ کی فٹبال میں ہیٹ ٹرک بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔