150ساشے گٹکا، 10کلو ملاوٹی کھویا اور 10کلو زائد المیعاد اشیاء تلف

December 22, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر)ملتان ، خانیوال، وہاڑی اور لودھراں میں ناقص خوراک کا کاروبار کرنے والوں کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی سرگرم ہے، فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پاپڑ فیکٹریز، ہوٹلز، پان شاپس اور واٹر پلانٹس کی چیکنگ کی ،اس دوران150 ساشے گٹکا، 10 کلو ملاوٹی کھویا اور 10 کلو زائدالمیعاد اشیاء تلف کردی گئیں،ممتاز آباد پھاٹک اور پرانا شجاع آباد روڈ پر 2 پاپڑ فیکٹریوں کو خام مال کے گرد حشرات اور پرندوں کی بھرمار، مشینری کی صفائی نہ ہونے، ورکرز کے میڈیکل سرٹیفکیٹس نہ ہونے اور خام اشیاء کی کیمیکل ڈرمز میں سٹوریج ہونے پر 50، 50 ہزار روپے کے جرمانے، ناردرن بائی پاس پر واٹر پلانٹ کو پانی کی تجزیہ رپورٹ نہ ہونے اور ورکرز کے میڈیکلز کی عدم موجودگی پر 15 ہزار روپے، لودھراں میں پل ساٹھ ہزاری کہروڑ پکا میں ڈرنک کارنر کو ممنوعہ گٹکا فروخت کرنے پر 12ہزار روپے، چوک اہلحدیث خانیوال میں معروف ریسٹورنٹ کو کھانوں میں چائنہ نمک اور گلی سڑی سبزیوں کا استعمال کرنے پر 20 ہزار اور وہاڑی کے علاقے لڈن میں کھویا پروڈکشن یونٹ کو کھوئے کی تیاری میں سٹارچ کی ملاوٹ کرنے پر 20 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ۔