مصر، رومن دور سے تعلق رکھنے والی 2 ہزار سال پرانی بستی دریافت

January 26, 2023

قاہرہ (اے پی پی)مصر میں رومن دور سے تعلق رکھنے والی 2ہزار سال پرانی بستی دریافت کی گئی ہے۔ ملک کی وزارت سیاحت اور نوادرات نے بتایا کہ آثار قدیمہ کے مشن نے مشرقی لکسر میں لکسر مندر کے قریب ایک مکمل رومن دور کی بستی دریافت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ علاقہ جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ قدیم شہر تھیبس کی توسیع ہے کو لکسر گورنری کے مشرقی ساحل پرسب سے اہم اور قدیم ترین بستی کے طور پر ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تھیبس جو اس وقت لکسر شہر کے نام سے جانا جاتا ہےقدیم مصر کے اہم ترین شہروں میں سے ایک ہے۔قدیم تھیبس اور اس کے مقبروں کو 1979 میں یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کیا گیا۔ رواں ماہ کے شروع میں وزارت نے اعلان کیا تھا کہ جنوبی مصر میں 3500سال پرانا فرعون کا مقبرہ ملا ہے۔ ایک مشترکہ مصری برطانوی ٹیم نے قدیم شہر لکسر میں کھدائی کے دوران پہلے سے نامعلوم فرعون کا مقبرہ دریافت کیا۔