قرآن پاک کی بے حرمتی پر سوئیڈش حکومت کی مذمت

January 27, 2023

عالمِ اسلام کے شدید دباؤ پر سوئیڈن کی حکومت نے ملک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے مرتکب افراد کے اس فعل کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔

اس حوالے سے پاکستان میں موجود سوئیڈن کے سفارت خانے کی جانب سے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک بیان جاری کیا گیا ہے۔

سوئیڈن کے سفارت خانے کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ سوئیڈن کی حکومت نے ملک میں اسلامو فوبیا کا شکار انتہا پسندوں کی طرف سے کیے گئے فعل کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

اپنے بیان میں سوئیڈش سفارت خانے کا یہ بھی کہنا ہے کہ انتہا پسندوں کا یہ عمل کسی بھی طرح سوئیڈن کی حکومت کی رائے کی عکاسی نہیں کرتا۔

واضح رہے کہ سوئیڈن میں کچھ روز قبل اسلامو فوبیا کے شکار انتہاپسندوں کی جانب سے قرآن کریم کی بے حرمتی کا مذموم واقعہ پیش آیا تھا۔

اس واقعے پر دنیا بھر کے مسلم ممالک میں احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں اور سوئیڈن کی حکومت سے بھی شدید احتجاج کیا جا رہا ہے۔

سوئیڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں بھی مسلم کمیونٹی کی جانب سے اس گھناؤنی حرکت کے خلاف مظاہرہ کیا گیا۔