عمران خان ایسا پروپیگنڈا نہ کرو جو آپ کیلئے خطرناک ہو، رانا ثناء اللّٰہ

January 27, 2023

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ عمران خان جھوٹا انسان ہے جو ہمیشہ الزام تراشی کرتا ہے، وہ دراصل اپنے مخالفین کے خلاف پروپیگنڈا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ایسے بیانات نہ دیں جو آپ کی زندگی کےلیے خطرہ بن جائیں۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو میں رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پہلے اس نے کہا کہ چار لوگوں نے میرے قتل کی سازش تیار کی اور نام نہیں بتائے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے بعد عمران خان نے 3 نام بتائے، جس میں فوج کے سینئر افسر کے ساتھ میرا اور شہباز شریف کا نام تھا۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اب وہ کہہ رہا ہے، آصف زرداری صاحب اسے قتل کرانے کی سازش کر رہے ہیں، دراصل عمران خان مخالفین کے خلاف پروپیگنڈا کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو خبردار کرتا ہوں کہ آپ کے خلاف کچھ دشمن قوتیں ہوسکتی ہیں، جو سمجھیں گی کہ اس نے اپنے قتل کی ایف آئی آر پہلے ہی کٹوادی ہے، الزام کسی اور پر آئے گا۔

رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ عمران خان ایسے بیانات نہ دیں جو آپ کی زندگی کےلیے خطرہ بن جائیں، 26 نومبر کو بھی آپ کےلیے بڑا تھریٹ تھا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان زمان پارک میں چھپ کر بیٹھا ہوا ہے، اُس سے کہوں گا کہ ہوش کے ناخن لیں اور ایسا پروپیگنڈا جو آپ کے لیے خطرناک ہو، نہ کریں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈالر کا ریٹ اس لیے کنٹرول نہیں ہو رہا تھا کیوں کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ نہیں ہو پا رہا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ امید ہے اسی ماہ میں آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہوجائے گا، جس کے بعد ڈالر زمین پر گرے گا۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ جس آدمی کے پاس 10 ہزار یا 1 لاکھ روپیہ ہے، وہ سوچتا ہے بس ڈالر خرید لو، اس وجہ سے ڈالر کی قلت ہوئی اور پریشر آیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کو ڈیفالٹ کرانے کی باقاعدہ مہم چلا رہے ہیں، ہم کوشش کریں گے کہ ووٹ کی طاقت سے اسے پاکستان کی سیاست سے باہر کریں۔