سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف تحریک لبیک کی ریلی و مظاہرہ

January 28, 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)تحریک لبیک پاکستان کوئٹہ کے زیراہتمام سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف جمعہ کو ضلعی امیر پیر محمد شریف اور ناظم اعلیٰ محمد ظریف کی قیادت میں ریلی نکالی اور کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا اس موقع پر مظاہرین نے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور نعرئے بازی کررہے تھے ، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ سویڈن میں ترک سفارتخانے کے سامنے قرآن پاک کی بیحرمتی کرکے سویڈن کے مذکورہ سیاستدان نے 2 ارب مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے ، آزادی اظہار رائے کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ کسی مذہب کی مقدس کتاب کی توہین کی جائے ، اسلام امن کا مذہب ہے عالمی برادری کو اسلامو فوبیا اور عدم برداشت کے خلاف یکساں موقف اختیار کرنا چاہیے ، کوئی بھی مسلمان قرآن پاک کی بے حرمتی برداشت نہیں کر سکتا ، لوگ ہمیں دہشت گرد یا جو مرضی کہیں مگر قرآن پاک کی بے حرمتی اور سرکار دو عالم ﷺ کی شان میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ، ایسے واقعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ دہشت گرد کون ہے ، اس طرح کے واقعات ہمارے لئے نا قابل برداشت ہیں ، بحیثیت مسلمان تمام مذاہب کے احترام پر یقین رکھتے ہیں، اس طرح کے گھناؤنے اقدامات کا اظہار رائے کی آزادی سے کوئی تعلق نہیں ، مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانا انسانی حقوق کے بین الاقوامی قوانین کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے ۔انہوں نے کہا کہواقعے میں ملوث شخص کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور تمام مغربی ممالک اپنے اپنے ملکوں میں اسلام مخالف پروپیگنڈے کو روکنے کیلئے اقدامات کریں تاکہ آئندہ ایسے واقعات نہ ہوں جن سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوں ایسے شرمناک واقعات پر قابو پانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ مسلمانوں کے جذبات کو مجروح ہونے سے بچایا جاسکے ۔