عمران خان ضمنی انتخابات میں تمام 33 نشستوں پر امیدوار ہوں گے

January 30, 2023

لاہور(ایجنسیاں)پی ٹی آئی نے اعلان کیا ہے کہ قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں پارٹی چیئرمین عمران خان ہی امیدوار ہوں گے۔پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ قومی اسمبلی کے 33حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے‘تمام حلقوں میں عمران خان امیدوار ہوں گے اور ہمارے جن لوگوں کے استعفے منظور ہوئے ہیں وہی ان حلقوں سے کور نگ امیدوار کے طور پر اپنے کاغذات جمع کرائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں چار قراردادیں بھی منظور کی گئیں ۔ان کا کہنا تھاکہ تحریک انصاف سیاسی میدان میں موجود رہے گی، قوم ہمارے ساتھ ہے۔شاہ محمود کا کہنا تھاکہ ایک طبقے کے ذہن میں عمران خان کو ہٹانے کی کوشش اور خواہش موجودہے لیکن ان کے عزائم خاک میں مل جائیں گے‘ہمارا اس وقت اسٹیبلشمنٹ سے کوئی رابطہ نہیں ہے ، صدر مملکت نے پل کا کردار ادا کرنے کی کوشش کی کیونکہ وہ سمجھتے ہیں ملک اس تناؤ کا متحمل نہیں ہو سکتا اور آئین کو ذہن میں رکھتے ہوئے راستہ نکالناچاہیے لیکن صدر مملکت کی کوششوں پر پیشرفت نہیں ہو سکی ،ہم خود کو اللہ اور عوام کی کچہری میں پیش کریں گے اورسر خرو ہوںگے۔