صدر سیاسی معاملات میں انٹیلی جنس ایجنسیز کی بڑھتی ہوئی مداخلت کا نوٹس لیں، تحریک انصاف

January 30, 2023

کراچی ( جنگ نیوز) تحریک انصاف نے صدر مملکت عارف علوی سےمطالبہ کیا ہے کہ وہ سیاسی معاملات میں انٹیلی جنس ایجنسیز اور مقتدریٰ کے دیگر حصوں کی بڑھتی ہوئی مداخلت کا نوٹس لیں ، چند کالی بھیڑوں کی ایماء پرپی ٹی آئی کارکنان اور ذمہ داران کیخلاف جھوٹے مقدمات کا بھی نوٹس لیا جائے ،یہ مطالبات PTIکی مرکزی قیادت (کور کمیٹی و پارلیمانی پارٹی)نے اپنے اجلاس کے بعد پیش کردہ قرارداد میں کئے ہیں ۔ پی ٹی آئی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی قیادت فواد چوہدری کے اغواء اور بغاوت کے جعلی مقدمے کے اندراج کی شدید مذمت کرتی اور ان کے جسمانی ریمانڈ پر دیئے جانے اور ان سے دہشت گردوں جیسا سلوک روا رکھنے پر شدید تشویش کا اظہارکرتی ہے۔یہ دستور کے آرٹیکل 14کی صریحاً خلاف ورزی اور عدل و انصاف کے قتلِ عام کے مترادف ہے۔ ایک ہی مقدمے میں 3 مرتبہ جسمانی ریمانڈ دیئے جانے کی کوئی نظیر اس سے پہلے نہیں ملتی ۔ تحریک انصاف چیف جسٹس سے ملتمس ہے کہ اس صریح ناانصافی کا فوری ازخود نوٹس لیا جائے۔ پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت (کور کمیٹی و پارلیمانی پارٹی) عدلیہ اور قوم کی توجہ دستورِ پاکستان کے ناقابلِ تنسیخ حصے کی جانب مبذول کروانا چاہتی ہے جو مقننہ (پارلیمان / اسمبلی ) کی تحلیل کے بعد ہر صورت 90 روز میں انتخابات کے انعقاد کا پابند بناتا ہے اور اس مدت میں ایک روزکا اضافہ بھی ممکن نہیں۔ انتخابات کے انعقاد کی اس مہلت میں ایک گھنٹے کی توسیع کیلئے کسی بھی جواز کا سہارا نہیں لیا جا سکتا۔ تحریک انصاف نے رضاکارانہ طور پر آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے وہ دو اسمبلیاں تحلیل کیں۔ جن میں اس کی حکومت تھی انتخابات کے انعقاد میںکسی بھی جواز کی آڑ میں تاخیر آئین پر حملے کے مترادف ہوگا جو آرٹیکل 6کے تحت کارروائی کی زد میں آئے گا۔ ملکی معیشت نہایت بہتر انداز میںچلائی جا رہی تھی جس کے شواہد مئی 2022ء میں جاری ہونے والے معاشی سروے کی صورت میں موجود ہیں۔ جب سے زمامِ اقتدار پی ڈی ایم کے سپرد کی گئی ہے تب سے اس مقتدر گروہ نے اپنی سنگین بدانتظامی کے ذریعے عوام کو 50برس کی بدترین مہنگائی اور بڑھتی ہوئی بیروزگاری میںجکڑا ہے کیونکہ معاشی ڈھانچے کی تباہی کے باعث ملک دیوالیہ پن کی دہلیز پر آن کھڑا ہوا ہے اور یوں ہماری قومی سلامتی پر خطرات کے سائے گہرے ہو رہے ہیں۔