دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کے فیصلے کا مجاز فورم نیشنل سیکیورٹی کمیٹی ہے، وزیر دفاع

January 31, 2023

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کےخلاف آپریش کا فیصلہ کرنے کا مجاز فورم نیشنل سیکیورٹی کمیٹی (این ایس سی) ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں جیو نیوز سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ضرب عضب جیسا اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن سے متعلق انفرادی طور پر کوئی تبصرہ نہیں کرسکتا، اس حوالے سے مجاز فورم این ایس سی ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ پشاور پولیس لائنز مسجد کا واقعہ آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) سانحے سے کم سانحہ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اے پی ایس سانحے کے وقت تمام سیاستدان اکٹھے ہوئے تھے، اس وقت قوم کو تمام تر اختلافات کے باوجود اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔

خواجہ محمد آصف نے مزید کہا کہ امید ہے اسی طرح کا کوئی قدم وزیراعظم شہباز شریف اٹھائیں گے۔