دہشتگردوں کا کوئی دین مذہب یا عقید ہ نہیں ہوتا، سعید الحسن مندوخیل

February 01, 2023

کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء سابق وفاقی وزیر سعید الحسن مندوخیل نے پشاور میں پولیس لائن کی مسجد میں خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت اور واقعہ میں 100افراد کی شہادت پر گہرے دکھ کااظہار کیا ہے ۔ یہاں جاری کردہ ایک بیان میں سابق وفاقی وزیر سعید الحسن مندوخیل نے کہا کہ پشاور دھماکے نے ایک بار پھر یہ بات ثابت کردی ہے دہشتگردوں کا کوئی دین مذہب یا عقید ہ نہیں ہے ،مسجد میں نمازیوں کو نشانہ بنانے والے نہ تو دین اور نہ ہی کسی اور تحریک کے پیرو کار ہیں یہ صرف اور صرف دہشتگردہیں جو بے گناہ اور معصوم لوگوں کو بربریت کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دہشتگرد کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں سیکورٹی فورسز کی پشت پر 22کروڑ عوام کھڑی ہے ہم نے پہلے بھی دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑی اور اسے شکست سے دوچار کیا اور آئندہ بھی کریں گے ۔