الیکشن کی تاریخ سے قبل مشاورت ضروری ہے، گورنر کے پی

February 02, 2023

گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے پشاور میں دہشتگردی کے واقعے کے بعد چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر الیکشن کی تاریخ دینے سے قبل مشاورت کی تجویز دی ہے۔

اپنے خط میں گورنر غلام علی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد امن وامان کی صورتِ حال خطرناک ہوگئی ہے۔

انہوں نے اپنے خط میں لکھا کہ الیکشن کی تاریخ مقرر کرنے سے قبل الیکشن کمیشن قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر متعلقہ اداروں سے مشاورت کرے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن متعلقہ اداروں اور سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے تاکہ عام انتخابات کا پُرامن اور شفاف انعقاد ممکن ہوسکے۔