نوجوان اخراجات زندگی کے بحران کو کوویڈ سے زیادہ بدترین تصور کرتے ہیں

February 02, 2023

لندن (پی اے) ایک نئی رپورٹ کے مطابق نوجوان اخراجات زندگی کے بحران کو کوویڈ سے زیادہ بدترین تصور کرتے ہیں۔ یوگوو ریسرچ کی بنیاد پر پرنسز ٹرسٹ نت ویسٹ یوتھ انڈیکس 2023کی جانب سے کی گئی ایک اسٹڈی سے ظاہر ہوا کہ اسکاٹ لینڈ کے 51 فیصد نوجوان سمجھتے ہیں کہ اخراجا ت زندگی کا بحران ان کی زندگیوں پر کوویڈ سے زیادہ بری طرح اثر انداز ہوگا، اس سے یہ بھی ظاہرہوا کہ اسکاٹ لینڈ میں اخراجات زندگی کے بحران سے 62فیصد اور متوقع کساد بازاری کی وجہ سے 35فیصد نوجوان مستقبل کیلئے فکر مند ہیں اور ان کی یہ فکر مندی یا تشویش نوجوانوں کے زندگی کے اہداف اور کیریئر کی خواہشات پر بری طرح اثر انداز ہورہی ہے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 16سے 25سال تک نوجوانوں کی صحت متاثر ہوئی ہے اور نوجوان اپنی رقم اور ذہنی صحت کے حوالے سے بہت کم خوش اور پراعتماد ہیں، اب رقم کے اعتبار سے نوجوانوں کی خوشی کی سطح عالمی مالیاتی بحران کے دور سے بھی بہت کم ہے۔ اسکاٹ لینڈ کے38فیصد افراد اس بات سے متفق ہیں کہ رقم کے بارے میں سوچنے سے وہ ڈپریس ہوجاتے ہیں اور ان پر ذہنی دبائو بڑھ جاتا ہے، انگس میں فورفار کی 23سالہ کیمرون کری رامسے کا کہنا ہے کہ پرنسز ٹرسٹ نے کوویڈ کے بعد ان کی بہت مدد کی تھی اور اس کی مدد سے ایک ملازمت مل گئی تھی۔ انھوں نے بتایا کہ اخراجات زندگی کا بحران میری عمر کے بہت سے لوگوں کو متاثر کر رہا ہے، مجھے خوشی ہے کہ آج میں جس پوزیشن میں ہوں، اس کی وجہ سے اس بحران کا مجھ پر اثر کم پڑا ہے۔ اسٹڈی سے ظاہر ہوا کہ اس وقت اسکاٹ لینڈ کے نوجوانوں کی سب سے بڑی کوشش مالیاتی تحفظ کا حصول ہے اور نوجوانوں کو درپیش چیلنجوں کے باوجود 67 فیصد نوجوان اپنی زندگی کا ہدف حاصل کرنے کے حوالے سے پر عزم ہیں۔ پرنسز ٹرسٹ اسکاٹ لینڈ کے ڈائریکٹر جیمی Scudamore کا کہنا ہے کہ اس وقت نوجوان تاریخ کے انتہائی تہلکہ خیز دور سے گزر رہے ہیں، اس سال پرنسز ٹرسٹ نٹ ویسٹ یوتھ انڈیکس نے بتایا ہے کہ گلاسگو میں کوویڈ کے بعد نوجوانوں کی صحت ابھی تک بحال نہیں ہوسکی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ معاشی غیر یقینی نے ان کی صحت اور مستقبل کے بارے میں اپنی توقعات کی تکمیل کے اعتماد کو شدید متاثر کیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگرچہ نوجوان اب بھی زندگی کے اہداف حاصل کرنے کیلئے پر عزم ہیں لیکن اس کیلئے انھیں عملی سپورٹ کی ضرورت ہے۔ نٹ ویسٹ گروپ کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا ہے کہ یہ رپورٹ نوجوانوں کی زندگیوں پر اقتصادی دبائو کی اثرات کے حوالے سے ایک وارننگ ہے اور نوجوانوں کو اپنی مالیاتی صلاحیت اور اعتماد پیدا کرنے کیلئے ضروری سپورٹ فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایک بینک کی حیثیت سے ہم نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کیلئے نوجوانوں کی سپورٹ کرنے کا عزم رکھتے ہیں اور پرنسز ٹرسٹ کے تعاون سے کوشش کرتے رہیں گے کہ کوئی موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کی کوششوں میں پیچھے نہ رہ جائے۔