انڈین ڈرامے کبھی پاکستانی ڈراموں کا مقابلہ نہیں کرسکتے، عدنان صدیقی

February 02, 2023

عدنان صدیقی، فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار عدنان صدیقی کا کہنا ہے کہ انڈین ڈرامے کبھی بھی پاکستانی ڈراموں کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔

عدنان صدیقی نے پاکستان کی نامور اسٹریمنگ سروس اردو فلکس کےمیوزِکل سیلیبرٹی ٹاک شو ’دی مرزا ملک شو‘ میں بطور مہمان شرکت کی۔

اُنہوں نے شو کی میزبان ثانیہ مرزا کے پاکستانی ڈراموں کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستانی ڈراموں کی مثال بالکل بالی ووڈ کی فلموں جیسی ہے۔


اُنہوں نےکہا کہ ہم انڈین فلموں کا مقابلہ نہیں کرسکتے اور اسی طرح انڈین کبھی ہمارے ڈراموں کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔

اداکار کی رائے سے اتفاق کرتے ہوئے ثانیہ مرزا نے کہا بالکل، مجھے خود پاکستانی ڈرامے بہت پسند ہیں اور میں دیکھتی ہوں۔

عدنان صدیقی نے پاکستانی ڈراموں کے بہترین معیار کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ڈراموں کے بہترین معیار کی وجہ وہ تربیت ہے جو ہم نے پاکستان ٹیلویژن کے سنہری دور سے حاصل کی۔

اُنہوں نےکہا کہ وہ تربیت آج تک ہمارے کام آرہی ہے اور اسی لیے ہماری ڈرامہ انڈسٹری آج ایک بہترین مقام پر موجود ہے۔