سوڈان کے اسرائیل کے ساتھ ابراہیم معاہدہ میں شامل ہونے کا امکان

February 03, 2023

ریاض ، خرطوم (شاہدنعیم، اے ایف پی )اسرائیل کے اخبار ’’ہارٹز‘‘ نے جمعرات کو بتایا کہ ایک اسرائیلی عہدیدار نے کہا ہے کہ سوڈان کے اسرائیل کے ساتھ ابراہیم معاہدہ میں شامل ہونے کا امکان ہے۔ اخبار نے اسرائیلی عہدیدار کا نام مخفی رکھتے ہوئے بتایا کہ دونوں ملکوں کے درمیان گزشتہ ہفتوں کے دوران مذاکرات ہوئے ہیں۔ امریکا دونوں ملکوں کے درمیان ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے ۔ اسرائیلی عہدیدار کا بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب اسرائیلی وزیرخارجہ ایلی کوہن نے سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں سوڈانی آرمی چیف عبدالفتاح البرھان سے ملاقات کی ہے، فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق یہ کسی بھی اعلیٰ اسرائیلی سفارتکار کا پہلا دورہ سوڈان ہے۔ سوڈانی کی خودمختار کونسل کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنمائوں نے نتیجہ خیز تعلقات قائم کرنے کی راہیں تلاش کرنے پر گفتگو کی جبکہ سکیورٹی، زراعت، توانائی، صحت، پانی اور تعلیم کے شعبے میں تعاون کے پہلووں پر بات چیت کی۔ اسرائیلی اخبار کے مطابق صہیونی عہدیدار نے مزید کہا کہ مذاکرات اب سطح تک پہنچ گئے ہیں کہ ابراہیم معاہدہ میں اب سوڈان کی شرکت ممکن نظر آرہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل موریطانیہ اور انڈونیشیا سمیت دیگر ممالک کے ساتھ بھی معاہدے کرنے کی امید رکھتا ہے۔ اسرائیلی عہدیدار نے مزید بتایا کہ سات یا آٹھ عرب یا اسلامی ملک ابراہیم معاہدہ میں شامل ہوسکتے ہیں۔