پشاور پولیس لائنز حملہ، خودکش کا سر، جسم کے اعضاء میچ کر گئے، FIR میں 2 دفعات شامل

February 04, 2023

پشاور(نمائندہ جنگ) پشاور میں پولیس لائنز کی مسجد میں خودکو دھماکہ سے اڑانے والے خودکش کےسر اور جسم کے دوسرے اعضاء کے نمونے میچ کر گئے ،ایف آئی آر میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر 2دفعات شا مل کر لی گئیں ،دھماکے کے 29زخمی اسپتال میں زیر علاج ہیں جن میں ڈی ایس پی سمیت 3کی حالت نازک ہے ، خودکش کے جوتے اورہیلمٹ بھی برآمد، سا نحہ کے بعد متاثرہ مسجد میں نماز جمعہ اداکی گئی ،وزیر اعلی سندھ مراد علی شا ہ نے پولیس لائن کا دورہ کیا اورشہداء کیلئے دس دس اور زخمیوں کیلئے پانچ پانچ لاکھ روپے کااعلان کیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پشاور پولیس لائن کی مسجد میں نماز ظہر کے دوران خودکش حملہ آور نے خودکو دھماکہ سے اڑایا تھا ، پہلے روز خودکش کا سر ملا باقی اعضاء نہیں ملے ، دوسرے روز تحقیقاتی ٹیموں کو جائے وقوعہ سے باقی اعضاء ملے جو انہوں نے ڈی این اے کے لئے بھجوائے ڈی این اے رپورٹ تحقیقاتی ٹیموں کو موصول ہو گئی ، جائے وقوعہ سے ملنے والی ٹانگین اور سر میچ کر گئے ہیں ٗدھماکہ ے میں مسجد میں قرآن پاک بھی شہید ہو ئے ، تحقیقاتی ٹیموں نے ایف آئی آر میں 295اور 295Bکی دفعات کا اضافہ کردیا جس میں پہلے سے ہی دہشت گردی ٗقتل اور اقدام قتل سمیت 7دفعات درج ہیں ،پولیس حکام کے مطابق دھماکہ میں دو سو سے زائد اہلکا ر زخمی ہوئے جن میں صرف 29زخمی ہسپتال میں زیر علاج ہیں ڈی ایس پی سمیت 3کی حالت نازک بتائی جاتی ہے باقی زخمیوں کو گھروں کو منتقل کردیا گیا ،دھماکہ کے بعد گزشتہ روز متاثرہ مسجد میں نماز جمعہ ادا کی گئی جس میں سی سی پی او پشاور محمد اعجاز اور ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی سمیت سینکڑوں پولیس اہلکاروں نے شرکت کی اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔