جاپان میں یوم یکجہتی کشمیر جوش و خروش سے منایا گیا

February 06, 2023

جنگ فوٹو

ٹوکیو میں پاکستان سفارتخانے میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مبنی تھی۔

تقریب سے سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ، کشمیر یکجہتی فورم جاپان کے چیئرمین شاہد مجید، ایڈوکیٹ مولانا عبدالمجید مغل اور محمد یونس نے خطاب کیا، اس موقع پر پاکستان اور مقبوضہ کشمیر سے ویڈیو اور آڈیو لنک کے ذریعے بھی پیغامات نشر کیے گئے۔

مقررین نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھارتی قابض افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کی، اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

جنگ فوٹو
جنگ فوٹو

تقریب سے خطاب کرتے پاکستان کے سفیر نے کہا کہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہمارا پختہ یقین ہے کہ ایک دن کشمیری عوام بھارتی فوج کے جبر اور ناجائز قبضے سے آزادی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔

ٹوکیو میںسفارت خانے میں ایک تصویری نمائش کا بھی انعقاد کیا گیا، اس سے قبل کشمیر یکجہتی فورم جاپان کے زیر اہتمام ٹوکیو کے مصروف ترین علاقے شیبیا اور بھارتی سفارتخانہ ٹوکیو کے سامنے مظاہرہ کرنے کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے ٹوکیو دفتر اور بھارتی سفارتخانے میں کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کے خلاف یادداشت پیش کی گئی۔