اسپیشل اولمپک ورلڈ گیمز: پاکستانی کوچز کو تربیت دینے کیلئے انٹرنیشنل کوچ کی کراچی آمد

February 06, 2023

انٹرنیشنل اسپیشل اولمپک کینیڈا کے ہیڈ کوچ گلین کرڈن ایک ہفتے کے دورے پر کراچی پہنچ گئے جہاں وہ اسپیشل اولمپک ورلڈ گیمز کےلیے پاکستانی کوچز کو تربیت فراہم کریں گے۔

کراچی آمد پر اسپیشل اولمپک پاکستان کی چیئرپرسن رونق لاکھانی و دیگر عہدیداران نے گلین کرڈن کا استقبال کیا۔

واضح رہے کہ رواں سال جرمنی کے شہر برلن میں 17 تا 25 جون تک کھیلے جانے والے اسپیشل اولمپک ورلڈ گیمز کی تیاریوں کے سلسلے میں قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ کراچی پورٹ ٹرسٹ اسپورٹس کمپلیکس میں لگایا گیا۔

ہیڈ کوچ گلین کرڈن نے رونق لاکھانی کے ہمراہ کیمپ کا دورہ کر کے کوچز اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر گلین کارڈن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آ کر بہت خوشی محسوس ہوئی اور یہاں کی میزبانی کو انجوائے کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملک کھیلوں کے حوالے سے دنیا بھر میں اپنا مقام رکھتا ہے، کوچنگ سیمینار پاکستانی کوچز کےلیے بہت مفیدث ثابت ہوگا جس سے استفادہ کرنے والے کوچز مستقبل میں اسپیشل ایتھلیٹس کی بہترین تربیت اور رہنمائی کرسکیں گے اور اس کی روشنی میں پاکستان کے اسپیشل ایتھلیٹس کی کارکردگی مزید بہتری کی جانب گامزن ہوگی۔

گلین کارڈن کا مزید کہنا تھا کہ اسپیشل ایتھلیٹس ہمارے لیے انسپریشن ہیں ہیں، یہ بچے اپنے کھیل کو دل و جان سے کھیلتے ہیں۔ مجھے پاکستانی ایتھلیٹس میں جیت کا جذبہ نظر آرہا ہے۔ مجھے امید ہے کہ یہ اسپیشل ورلڈ گیمز میں اپنے ملک کےلیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

اس موقع پرچیئرپرسن اسپیشل اولمپک پاکستان رونق لاکھانی کا کہنا تھا کہ گلین کارڈن کی پاکستان آمد ہمارے لیے باعث اعزاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے مقامی ہوٹل میں اسپیشل اولمپک کے مختلف کھیلوں کے پاکستانی کوچز کےلیے دو روزہ کوچنگ سیمینار کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں ہیڈ کوچ گلین کارڈن اسپیشل اولمپک کے مختلف کھیلوں کے طریقہ کار، قواعد و ضوابط و دیگر بنیادی اصول سمیت دیگر تفصیلی معلومات سے آگاہی فراہم کریں گے۔

رونق لاکھانی کا مزید کہنا تھا کہ کوچنگ سیمینار سے نہ صرف ہمارے مقامی کوچز کو اپنے ملک میں ہی انٹرنیشنل کوچ کی نگرانی میں ٹریننگ کے مواقع میسّر آئیں گے بلکہ انٹرنیشنل لیول پر ایکسپوزر بھی ملے گا۔