افتخار احمد بی پی ایل کیلئے واپس بنگلادیش روانہ

February 06, 2023

افتخار احمد - فوٹو بشکریہ افتخار احمد/ٹوئٹر

کوئٹہ میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نمائشی میچ میں ایک ہی اوور میں چھ چھکے لگا کر تماشائیوں کو محظوظ کرنے والے افتخار احمد بنگلادیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کھیلنے کے لیے واپس بنگلادیش چلے گئے۔

افتخار احمد براستہ دبئی کوئٹہ سے ڈھاکا کےلیے روانہ ہوئے۔ روانگی سے قبل انہوں نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی تصویر شیئر کی۔

ساتھ میں انہوں نے اپنے پیغام میں تحریر کیا کہ ’محبت اور عزت دینے پر کوئٹہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘

افتخار احمد نے لکھا کہ ’میں کل بنگلادیش پریمیئر لیگ کا میچ کھیلوں گا، لیگ میں اپنی ٹیم بریشال کی طرف سے بھی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے کےلیے پُرامید ہوں۔‘

قومی کرکٹر نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا کہ ’بنگلادیش پریمیئر لیگ کا اختتام اچھے نوٹ پر کرنا چاہتا ہوں۔‘

واضح رہے کہ افتخار احمد بی پی ایل میں بریشال کی نمائندگی کر رہے ہیں، افتخار احمد کل کومیلا وکٹورینز کے خلاف میچ کھیلیں گے۔

خیال رہے کہ افتخار احمد کوئٹہ میں کرکٹ بحالی کے سلسلے میں نمائشی میچ کھیلنے پاکستان واپس آئے تھے۔