غیر قانونی اقدامات سے جمہوری آواز کو دبایا نہیں جاسکتا، این ڈی ایم

February 08, 2023

کوئٹہ(پ ر) نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے بیان میں آل پارٹیز ایکشن کمیٹی ہرنائی کے رہنماؤں اور سیاسی کارکنوں صدام ترین اور یوسف شاہ کی گرفتاری کے غیر آئینی اور آمرانہ اقدام کی مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلع ہرنائی میں بدامنی،لاقانونیت،کول مائینز پر بھتہ خوری کے خاتمے اور عوام وتاجروں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے تمام جمہوری سیاسی پارٹیوں نے آل پارٹیز ایکشن کمیٹی کےپلیٹ فارم سے جمہوری احتجاجی تحریک شروع کی ہے جسے ضلع کے عوام، تاجروں، زمینداروں، کول مائینز مالکان اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والوں کی مکمل تائید و حمایت حاصل ہےاور نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کا اس جمہوری تحریک میں رہنماکردار ہے چونکہ ضلع ہرنائی میں سول انتظامیہ کے ماتحت ہے اور ملکی آئین و قانون کا نام و نشان نہیں اور ضلع میں عملاً مارشل لاء مسلط ہے جس کی وجہ سے بدامنی ،بھتہ خوری کے خلاف عوام کی جمہوری آواز کو برداشت نہیں کیا جارہا اور سیاسی کارکنوں کی گرفتاری کا مقصد بھی عوام اور تاجروں ،کول مائینز اونرز کو بھتہ خوری اور بدامنی کے خلاف احتجاج سے دستبردار کرنے کی ناکام کوشش ہے اور یہ غیرقانونی اقدام سول انتظامیہ نے اٹھایا ہے،بیان میں واضح کیا گیا کہ اس طرح کے غیر قانونی اور آمرانہ اقدامات کے ذریعے عوام اور سیاسی جماعتوں کو جمہوری احتجاج اور برحق مطالبات سے دستبردار نہیں کیا جاسکتا۔